سابق وفاقی وزیرِ داخلہ، عوامی مسلم لیگ کے گرفتار سربراہ شیخ رشید کے خلاف کراچی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ کراچی پولیس کی ٹیم انہیں گرفتار کرنے اسلام آباد پہنچ گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج کر کے ایف آئی آر کو سیل کر دیا گیا ہے، ایف آئی آر موچکو تھانے میں درج کی گئی ہے۔
کراچی میں ایف آئی آر پیپلز پارٹی پی ایس 112 کے سینئر نائب صدر خدا بخش نے درج کرائی ہے۔
ایف آئی آر میں شیخ رشید پر چیئرمین پیپلز پارٹی، وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کرنے کا الزام ہے۔
شیخ رشید کے خلاف مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 506/504/500/153 کے تحت درج کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ شیخ رشید کی گرفتاری کے لیے کراچی پولیس کی ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ موچکو تھانے کے ایس ایچ او اور ایس ڈی پی او شیخ رشید کو کو لینے اسلام آباد پہنچے ہیں۔
پولیس ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سابق وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید کو آج ہی کراچی منتقل کیا جائے گا۔