سابق وزیرِ داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مجھے کچھ ہوا تو پانچ مجرم ہوں گے۔
کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کچھ ہوا تو آصف زرداری، بلاول بھٹو اور محسن نقوی مجرم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ ہوا تو شہباز شریف اور رانا ثناء اللّٰہ بھی مجرم ہوں گے۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ یہ میرے ٹوئٹر کے پیچھے پڑے ہیں کہ فالوور کیسے بڑھے؟ پوچھ رہے ہیں کہ اپنے اکاؤنٹ کا آئی ڈی اور پاس ورڈ دو، جو مجھے معلوم نہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ مجھے کراچی لے کر جانا چاہتے ہیں اور مارنا چاہتے ہیں، میرے خلاف بے بنیاد مقدمات بنائے جا رہے ہیں، میں اپنی آخری سانس تک لڑوں گا اور عمران خان کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ میں عمران خان کے حکم کے مطابق الیکشن میں حصہ لے رہا ہوں، میں جیل میں ہوا تو قوم سے ٹوئٹر کے ذریعے مخاطب ہوں گا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی کچہری نے شیخ رشید کے مزید جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو 4 بجے سنایا جائے گا۔
سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی ہے۔