• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس: یوم کشمیر پر تقریب کا اہتمام، مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کی مذمت

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں قائم سفارتخانہ پاکستان  میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے اور ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور دیگر غیر قانونی اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔

تقریب سے سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد، قونصل احسان کریم سمیت سفارتی افسران کے علاوہ معروف کشمیری رہنما زاہد اقبال ہاشمی، نعیم چوہدری، ملک مشتاق  پاشا، راجہ اشفاق حسین، مرزا آصف جرال، پاکستان بزنس فورم کے چیئرمین سردار ظہور اقبال، ن لیگ فرانس کے چیئرمین راجہ علی اصغر، ادارہ منہاج القرآن کے طاہر عباس گورائیہ اور دیگر نے خطاب کیا۔

مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارتی قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی اور اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر عاصم افتخار احمد نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کے عزم اور قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمارا پختہ یقین ہے کہ ایک دن کشمیری عوام بھارتی فوج کے جبر اور ناجائز قبضے سے آزادی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

انہوں نے فرانس میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لیے ادا کیے جانے والے فعال کردار کو سراہا۔

اس موقع پر سفارت خانہ میں ایک تصویری نمائش کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کی تصاویر کو آویزاں کیا گیا تھا۔

بعدازاں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے ارکان نے گار ڈی لیست سے پلاس ریپبلک تک ایک احتجاجی ریلی میں شرکت کی جس میں مظاہرین نے بینرز، پلے کارڈز اور تنازعہ کشمیر سے متعلقہ تصاویر اُٹھا رکھی تھیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید