پشاور (لیڈی رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف شمالی وزیرستان کے جنرل سیکرٹری طارق خان داوڑنے کہاہے کہ شمالی وزیرستان میں پاک فوج نے جانوں کا نذرانہ دیکر پورے علاقے سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کردیا ہے جسکے نتیجے میں علاقے میں امن قائم ہوا ‘ نقل مکانی کرنے والوں کی باعزت واپسی کا عمل شروع ہوگیا ہے اور عیدالفطر سے قبل تمام اقوام اپنے گھروں کو واپس چلے جائینگے۔ان خیالات کا ظہار انہوں نے گزشتہ روزپشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ پاک فوج کے احکامات کی روشنی میں اہل علاقہ نے اپنا گھر بار چھوڑ ا اور مختلف مقامات پر متاثرین کیمپوں میں بسنے لگے۔ انکاکہناتھاکہ خطے میں امن کے قیام کیلئے قبائلیوں نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں اس مرتبہ بھی پاک فوج کیساتھ ساتھ شمالی وزیرستان کے تمام قبائلیوں نے قربانیاں دیں اور امن کی خاطر اپنا گھر بار چھوڑ کر خیموں میں بال بچوں کیساتھ مقیم رہے گرمی اور سردی کی سختیاں برداشت کیں ہمیں بہت خوشی ہے کہ عید سے قبل اپنے گھروں کو چلے جائینگے۔