کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی خواتین ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کو پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اتوار کو کیپ ٹاؤن میں بھارت نے پاکستان کو سات وکٹ سے شکست دے دی ۔ میچ کا فیصلہ ایک اوورپہلے ہوگیا۔ پاکستانی ٹیم کی شکستوں کا سلسلہ نہ رک سکا۔ بھارتی ٹیم نے ہدف 19 اوورز میں حاصل کرلیا۔ جمیما روڈ ریگز 53 اور ریچا گوش 31 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔ دونوں کی شراکت میں33 گیندوں پر 58 رنز بنے۔ شفالی ورما نے 33 اور کپتان ہرمن پریت کور 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ بڑے ٹوٹل کے باوجود بولر بھارتی ٹیم کو مشکل میں ڈالنے میں ناکام رہیں۔ پاکستان کی جانب سےنشرہ سندھو 2 اور سعدیہ اقبال نے ایک وکٹ حاصل کی ۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئےچار وکٹ پر149رنز بنائے۔ کپتان بسمعہ معروف نے55 گیندوں پر68 ناٹ آؤٹ رنز بنائے ان کی اننگز میں سات چوکے شامل تھے۔ عائشہ نسیم 43 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں ۔انہوں نے25 گیندیں کھیلیں اور دو چھکے اور دو چوکے مارے۔ منیبہ علی نے 12 ، سدرا امین نے 11 اور جویریہ خان نے 8 رنز بنائے ندا ڈار کوئی رن نہ بناسکیں۔یہ ویمن ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کابھارت کے خلاف سب سے بڑا اسکور ہے۔پاکستان نے پہلی مرتبہ ویمن ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کو 150 کا ہدف دیا۔ اس سے قبل پاکستان نے بھارت کے خلاف 2022 میں سلہٹ میں چھ وکٹ پر 137 رنز بنائے تھے۔بھارت کی جانب سے رادھا یادیو نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دیپتی اور پوجا کو ایک ایک وکٹ ملی۔