کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارتی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں غلطی سے نمبر ون بننے کے بعد کچھ دیر بعد دوسرے نمبر پر آگئی، بھارت نے تینوں فارمیٹ میں ٹاپ پوزیشن کا جشن منانا شروع کردیا تھا کہ آئی سی سی کو غلطی کا احساس ہوا اور انہوں نے درستی کردی۔ آئی سی سی نے اس غلطی پر معذرت بھی کی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی نئی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا نمبر ون اور بھارت دوسرے نمبر پر ہے۔ بھارت نے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو ایک اننگز اور 132 رنز سے شکست دی تھی۔ انگلینڈ کا رینکنگ میں تیسرا، نیوزی لینڈ کا چوتھا، جنوبی افریقا پانچویں، ویسٹ انڈیز کا چھٹا، پاکستان کا ساتواں ، سری لنکا کا 8 واں، بنگلہ دیش کا 9 واں اور زمبابوے کا 10 واں نمبر ہے۔ البتہ ساتھ بھارتی پلیئرز کی انفرادی پوزیشن بہتر ہوئی ہے۔ ناگپور ٹیسٹ میں آٹھ وکٹیں لینے والے آف اسپنر روی اشون بولرز میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں ۔ رویندرا جدیجہ آل راوںڈرز میں پہلے اور بولرز کی رینکنگ میں 16 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ اکشر پٹیل بھی ٹیسٹ آل راؤںڈرز کی رینکنگ میں ساتویں جب کہ سینچری بنانے والے کپتان روہت شرما بیٹرز کی رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔