ملتان سلطانز کے اسسٹنٹ کوچ عبدالرحمان نے کہا ہے کہ ہماری ٹیم کا فارمولہ یہ ہے کہ ہم اپنی اسٹرینتھ اور دوسروں کی کمزوریوں کے مطابق پلان کرتے ہیں۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کوچ ملتان سلطانز کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں رہنے سے مجھے علم تھا کہ کون پلیئر کیا کر رہا ہے، کراچی کنگز کے بارے میں بھی ہم نے پلان کیا ہے۔
عبدالرحمان نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف بہت مضبوط ہے، ہم نے ابھی مزید بہتر ہونے کی کوشش کرنا ہے۔
نوجوان بولر احسان اللّٰہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے اسسٹنٹ کوچ کا کہنا تھا کہ احسان اللّٰہ کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے اور میں نے اسے قریب سے دیکھا ہے وہ ایک مشکل بولر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لگتا وہ 140 کی اسپیڈ کا ہے لیکن کرتا 150 کی رفتار سے ہے، وہ اس لیے ڈسکس ہو رہا ہے کیونکہ وہ تیز گیند کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عباس آفریدی اور اسامہ میر مہارت کے ساتھ بولنگ کرتے ہیں، ہماری بولنگ کو بیٹنگ کے مقابلے میں کمزور سمجھا جا رہا تھا لیکن بولرز نے مہارت سے بولنگ کی۔
اسسٹنٹ کوچ ملتان سلطانز کا کہنا تھا کہ ہمیں محمد رضوان کا گراؤنڈ میں بہت فائدہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بولر کو نہیں گیند کو کھیلنا ہوتا ہے، ہمیں یہ نہیں دیکھنا کہ کوئی بولر کھیل رہا ہے یا نہیں۔