• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
پولیس مقابلے میں شہید ہیڈ کانسٹیبل ظہیر
پولیس مقابلے میں شہید ہیڈ کانسٹیبل ظہیر

کراچی کے علاقے کورنگی کے چکرا گوٹھ میں پولیس مقابلے کے بعد 2 ڈاکو ہلاک ہو گئے، جبکہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل شہید ہو گیا۔

پولیس کے مطابق چکرا گوٹھ میں ناصر جمپ کے قریب پولیس موبائل کھڑی تھی، جس پر تعینات اہلکاروں نے موٹر سائیکل سوار 2 مشکوک افراد کو رکنے کے لیے اشارہ کیا۔

ملزمان رکنے کے بجائے گلی میں فرار ہو گئے، جہاں پولیس کا ڈاکوؤں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

فائرنگ کے تبادلے میں اہلکار ظہیر شدید زخمی ہو گیا جسے اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔

نجی اسپتال میں اہلکار دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔

شہید ہیڈ کانسٹیبل ظہیر کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کی چوکی کا انچارج تھا۔

شہید ہیڈ کانسٹیبل ظہیر کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ ظہر ڈیڑھ بجے دن پولیس ہیڈ کوارٹر گارڈن میں ادا کی جائے گی۔

قومی خبریں سے مزید