پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان مخالف بیان دینے کے بعد جاوید اختر ہندوستان کے ہیرو بن گئے ہیں اس لیے وہ معذرت تو بالکل نہیں کریں گے۔
فیصل قریشی سے حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک شو میں یہ سوال کیا گیا کہ کیا جاوید اختر کو پاکستان مخالف اپنے بیان پر معذرت کرنی چاہیئے؟
اداکار نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جاوید اختر اپنے بیان پر معذرت تو قطعی طور پر نہیں کریں گے کیونکہ بقول قائداعظم جو مسلمان ہندوستان میں ہیں انہیں ہر بار یہ ثابت کرنا پڑےگا کہ وہ اپنے ملک سے وفادار ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ وہاں کے مسلمانوں کو ہمیشہ اسی طرح کی چیزیں کرکے بھارت سے اپنی وفاداری ثابت کرنی پڑے گی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ابھی جاوید اختر پاکستان مخالف یہ بیان دینے کے بعد ہندوستان کے ہیرو بن گئے ہیں تو وہ معذرت کیوں کریں گے۔
واضح رہے کہ لاہور میں سجا فیض احمد فیض فیسٹیول اپنی تمام رنگینیاں بکھیر کر اپنے اختتام کو پہنچا، اس دوران قومی فنکاروں نے پڑوسی ملک سے آئے مہمان بھارتی مصنف، شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر کی خوب خاطر تواضع بھی کی۔
لیکن جب جاوید اختر کا پاکستان مخالف بیان سوشل میڈیا کی زینت بنا تو کہرام مچ گیا، وہی فنکار جو ایک روز قبل ان کے گُن گا رہے تھے، وطن مخالف بیان سن کر انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا اور اس بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاوید اختر کو یاد دہانی کروائی کہ آپ فن کی خدمت کے لیے پاکستان آئے تھے، سیاست کرنے نہیں۔