اندور (جنگ نیوز)آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت ا پنے ہی فارمولا کا شکار ہوگیا ۔اندور میں تیسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 3 آسٹریلوی اسپن بولرز نے پوری بھارتی ٹیم کو صرف 33.2اوورز میں109رنز پر واپس پویلین بھیج دیا۔ جواب میں کینگروز نے چار وکٹ پر 156رنز اسکور کرکے47رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔ عثمان خواجہ 60رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ مارنس لبوشین31اور اسٹیو اسمتھ نے 26رنز کی اننگز کھیلی۔ چاروں وکٹ اسپنر رویندرا جدیجہ کے نام رہے۔ قبل ازیں بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا۔ ویرات کوہلی نے 22، شبھمان گِل نے21اور سری کار بھارت نے17رنز بنائے۔ کپتان روہت شرما کو پہلے ہی اوور میں دو مواقع ملے ، پہلی گیند پر فاسٹ بولر مچل اسٹارک کی گیند ان کھے بیٹ کا کنارہ لیتی ہوئی وکٹ کے عقب میں گئی، اپیل پر فیلڈ امپائر نے ناٹ آؤٹ قرار دیا، کینگروز نے ریویو لینے سے گریز کیا، اس کے بعد اسی اوور میں ایل بی ڈبلیو کی اپیل پر بھی امپائر نے نفی میں سر ہلایا۔ اس بار بھی ریویو نہیں لیا گیا۔ اس کے باوجود وہ صرف 12رنز بناسکے۔ آسٹریلوی اسپن بولر میتھیو پال کوہنیمن نے 5، نیتھن لائن نے3اور ٹاد مرفی نے 1وکٹ حاصل کی۔