واشنگٹن / بیجنگ(مانیٹر نگ ڈیسک)امریکی ادارے ایف بی آئی نے الزام عائد کیا ہے کہ کورونا وائرس چین کی ووہان لیبارٹری میں تیار ہوا جس کے جواب میں چین نے مہلک وائرس کی جائے پیدائش امریکا کی فوجی ریسرچ لیب کو قرار دیدیا ،چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ ہم بھی کہہ سکتے ہیں کورونا امریکی فوجی ریسرچ لیب میں بنا۔امریکی ادارے ’’ایف بی آئی‘‘ کے ڈائریکٹر کرسٹوفر رے نے فاکس نیوز کو انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ہم نے یہ اندازہ لگایا ہے کہ کورونا وائرس چین کے شہر ووہان کی ایک لیبارٹری میں کسی تجربے کے دوران بنا اور وہی سے پوری دنیا میں پھیلا تھا۔ڈائریکٹر ایف بی آئی کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب چند روز قبل ہی امریکی محکمہ توانائی کی ایک تفتیشی رپورٹ سامنے آئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ تحقیقات میں کورونا کے چینی لیب سے لیک ہونے کا امکان سامنے آیا ہے۔محکمہ توانائی کی اس تحقیق میں دیگر قومی لیبارٹریوں بشمول جدید حیاتیاتی تحقیق کے نیٹ ورک نے بھی کام کیا تھا جس سے اس رپورٹ کے درست ہونے کا قوی امکان ہے۔تاہم اب بھی مختلف امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کا خیال ہے کہ یہ وائرس قدرتی طور پر دنیا میں ابھرا۔