• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بابر اعظم کے بعد جیسن روئے کی تاریخی اننگز، کوئٹہ نے پشاور کو 8 وکٹوں سے ہرادیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے 25ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 8 وکٹوں سے تاریخی شکست دے دی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جیسن روئے کی شاندار اننگز کی بدولت پشاور زلمی کا 241 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف 10 گیندوں قبل حاصل کرلیا۔

پی ایس ایل 8 کا 25 واں میچ ایونٹ کی تاریخ کا ہائی اسکورننگ میچ ثابت ہوا، پشاور زلمی نے بابر اعظم کی شاندار سنچری اور صائم ایوب کے برق رفتار 74 رنز کی بدولت اسکور بورڈ پر 241 رنز کا بڑا مجموعہ سیٹ کیا۔

آج کے میچز سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پرفارمنس سے لگ رہا تھا کہ میچ پشاور کے حق میں یکطرفہ ثابت ہوگا لیکن پورے ایونٹ میں خاطر خواہ پرفارمنس نہ دکھانے والے جیسن روئے آج چل پڑے۔

انہوں نے پشاور زلمی کے خلاف 63 گیندوں پر 145 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اس دوران انہوں نے 5 چھکے اور 20 چوکے لگائے اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

جیسن روئے نے اس دوران ایک طرف 44 گیندوں پر برق رفتار سنچری بنائی وہیں انفرادی طور پر پی ایس ایل میں سب سے بڑا اسکور بنانے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے محمد حفیظ نے ناقابل شکست 41 رنز بنائے جبکہ گپٹل 21 اور ول سمیڈ 26 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

پشاور کی طرف سے وہاب ریاض اور مجیب الرحمان نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

میچ میں دونوں طرف سے مجموعی طور پر صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر 485 رنز بنائے گئے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹ پر 240 رنز بنائے تھے۔

پشاور کی طرف سے کپتان بابر اعظم نے 65 گیندوں پر 115 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ صائم ایوب نے 34 گیندوں 74 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ پر 162 رنز کی شراکت قائم کی، جو پی ایس ایل کی تاریخ کی دوسری بڑی شراکت ہے۔

میچ کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز اور فیلڈرز بے بس دکھائی دیے، بابر اور صائم ایوب کے بعد رومین پاول نے بھی ہٹنگ کی، وہ 18 گیندوں پر 35 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے ڈووین پریٹوریئس نے صائم ایوب کو آؤٹ کیا جبکہ بابر اعظم رن آؤٹ ہوئے۔

بابر اعظم نے میچ کے دوران پی ایس ایل میں 26 نصف سنچریوں کے بعد اپنی پہلی سنچری بنائی، انہوں نے 115 رنز کی اننگز کے دوران 3 چھکے اور 15 چوکے لگائے۔

 اس قبل میچ کی ٹاس کےلیے پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے محمد نواز میدان میں اترے۔

اس موقع پر بابر اعظم نے کہا کہ پچھلے 2، 3 میچز میں پہلے بیٹنگ کی اور کامیاب ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوشش کریں گے کہ زیادہ رنز کریں اور اسکور کا دفاع کریں، ہمارا کمبی نیشن اچھا جارہا ہے، گزشتہ میچ کی ٹیم کو برقرار رکھا ہے۔

محمد نواز نے بتایا کہ ہماری ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، پوری کوشش ہوگی کہ پشاور کو کم اسکور تک محدود رکھیں۔

سرفراز احمد گزشتہ میچ میں انگلی میں انجری کا شکار ہوگئے تھے، آج اُن کی جگہ محمد نواز کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی کا موقع میسر آیا ہے۔

پی ایس ایل میں ان دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے گزشتہ 5 مقابلے پشاور زلمی کے نام رہے ہیں، 8ویں سیزن کے پہلے میچ میں زلمی نے کوئٹہ کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

آج کے میچ میں پشاور زلمی کی طرف سے کپتان بابر اعظم، صائم ایوب، محمد حارث، ٹام کوہلر، حسیب اللّٰہ خان، رومین پاول، امیر جمال، وہاب ریاض، عظمت اللّٰہ عمرزئی، ارشاد اقبال اور مجیب الرحمان میدان میں اترے۔

ادھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی فائنل الیون میں مارٹن گپٹل، جیسن روئے، ول سمیڈ، افتخار عالم، محمد حفیظ، محمد نواز (کپتان)، عمر اکمل، ڈووین پریٹوریئس، محمد حسنین، نسیم شاہ اور ایمل خان شامل تھے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید