• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد کی 123سالہ تاریخ

لاہور (صابر شاہ) پاکستان اور افغانستان کے درمیان بین الاقوامی سرحد کو نمایاں کرنے والی ڈیورنڈ لائن 12؍ نومبر 1893ء میں برطانوی سفارت کار سر مورٹیمر ڈیورنڈ اور اس وقت کے افغان حکمران عبدالرحمان خان کے درمیان ہونے والے معاہدے کے نتیجے میں وجود میں آئی تھی۔ اصل ڈیورنڈ معاہدہ انگریزی زبان میں تحریر کیا گیا تھا جس کا درّی زبان میں ترجمہ کرکے شایع کیا گیا۔ مشترکہ برطانوی اور افغان سروے اور نقشہ سازی کی کوششوں کے نتیجے میں ابتدائی اور بنیادی حد بندی (ڈیمارکیشن) میں 800؍ میل کا احاطہ کیا گیا تھا اور یہ کام 1894ء سے 1896ء میں مکمل ہوا۔ امیر عبدالرحمان خان افغانستان کے وہ حکمران تھے جنہوں نے اپنے ملک میں 1880ء میں پہلا پاسپورٹ جاری کیا، جس کا مطلب یہ ہوا کہ انہیں اپنے ملک کے مسافروں کی نقل و حرکت کے حوالے سے دستاویزات کی اہمیت کا اندازہ تھا۔ 1893ء میں برطانیہ نے افغانستان کو ایک آزاد اور شاہی ریاست سمجھتا تھا، حالانکہ اس کے خارجہ امور اور سفارتی تعلقات کے امور برطانیہ کے پاس تھے۔ (حوالہ: اول۔ سنتھیا سمِتھ کی کتاب: اے سیلیکشن آف ہسٹوریکل میپس آف افغانستان - دی ڈیورنڈ لائن اور، دوم۔ معروف پاکستانی صحافی خالد حسن کا یکم فروری 2004ء کو شایع ہونے والا آرٹیکل) اگرچہ کچھ اشاعتوں میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد کی لمبائی 2430؍ کلومیٹر بتائی گئی ہے لیکن ایسے مؤرخ موجود ہیں جو یہ سمجھتے ہیں کہ یہ لمبائی در اصل 2250؍ کلومیٹر ہے۔ معاہدے کے نتیجے میں ایک نیا صوبہ معرض وجود میں آیا جس کا نام صوبہ سرحد (نارتھ ویسٹ فرنٹیئر پروونس) رکھا گیا جس کا موجودہ نام خیبر پختونخوا ہے۔ اُس وقت اس صوبے میں وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے (فاٹا)، ملتان، ڈیرہ غازی خان، میانوالی اور بہاولپور شامل تھے۔ تاریخی دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ ڈیورڈ لائن کے نتیجے میں سلطنت برطانیہ اور یکے بعد دیگرے آنے والی افغان حکومتوں کے درمیان طویل تنازع پیدا ہوا جس کے نتیجے میں کابل اور جلال آباد پر برطانیہ کی شاہی ایئر فورس نے مئی 1919ء میں بمباری بھی کی۔ 1919، 1921 اور 1930ء میں افغان حکمرانوں نے انڈو افغان بارڈر کے حوالے سے ہونے والے معاہدوں پر عمل کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ (حوالہ: اول۔ جیفری رابرٹ کی کتاب دی اوریجنز آف کانفلکٹ اِن افغانستان اور، دوم۔ 2006ء میں کارنیگی پیپرز کے تحت شایع ہونے والی کتاب پاکستان افغانستان ریلیشنز اِن دی پوسٹ 9/11 اِرا)۔ 500 سال قبل مسیح سے مقامی پشتونوں سے آباد ڈیورنڈ لائن کے قرب و جوار کے علاقوں کو 7ویں صدی میں عرب مسلمانوں نے فتح کیا۔
تازہ ترین