• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرادیا، ٹیبل پر پہلی پوزیشن مستحکم

فوٹو بشکریہ پی سی بی
فوٹو بشکریہ پی سی بی

ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے 26ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 119 رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن مستحکم کرلی۔ 

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں لاہور قلندرز کی جانب سے دیے گئے رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 107 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

مزید پڑھیں: اعظم انجری کا شکار، قلندرز کیخلاف بیٹنگ کیلئے بھی نہیں آئے

لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ آغاز میں ہی ان فارم اوپننگ بیٹر عبداللّٰہ شفیق 3 کے مجموعے پر صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے تو یوں لگا جیسے اس مرتبہ بولنگ لائن بیٹنگ لائن پر حاوی آجائے گی۔ 

فخر زمان کی دھواں دار اور کامران غلام کی ذمہ دار بیٹنگ کی بدولت امید کے برعکس ہوا۔ فخر اور کامران نے صرف 62 گیندوں پر 122 رنز کی پارٹنر شپ بنائی اور ٹیم کو بڑے ٹوٹل کی راہ پر لاکھڑا کیا۔ 

کامران غلام 30 گیندوں پر 41 رنز کی اننگ کھیل کر 125 رنز پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد فخر زمان نے سیم بلنگز کے ساتھ مل کر 70 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔ 

فخر زمان 57 گیندوں پر 115 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر 195 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے، انہوں نے اس اننگز میں 8 چوکے اور اتنے ہی چھکے لگائے۔ 

اختتامی لمحات میں سیم بلنگز کے 32، راشد خان کے 14 اور ڈیوڈ ویزے کے 6 رنز کی بدولت لاہور قلندرز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 226 کا ٹوٹل بنایا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فضل حق فاروقی 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ محمد وسیم اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ لی۔

ہدف کے تعاقب میں یونائیٹڈ کے کھلاڑی بجھے بجھے نظر آئے کوئی بھی بیٹر جم کر بیٹنگ کا مظاہرہ نہ کرسکا۔ 

پہلی وکٹ پر 32 رنز کی شراکت کے بعد وقفے وقفے سے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی آؤٹ ہوکر پویلین لوٹتے گئے۔ 

اسلام آباد کی پوری ٹیم 16ویں اوور میں 107 رنز پر سمٹ گئی۔ ایلکس ہیلز اور حسن علی 18، 18 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ 

قلندرز کی جانب سے جادوگر اسپنر راشد خان نے 4 اوورز میں 21 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں۔ 

زمان خان اور حارث رؤف کے حصے میں دو دو جبکہ ڈیوڈ ویزے کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ 

اس فتح کے ساتھ ہی لاہور قلندرز نے 14 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر پہلی پوزیشن مستحکم کرلی۔

واضح رہے کہ ایونٹ میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے پہلے میچ میں قلندرز نے 110 رنز کے بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کی تھی۔  

اس میچ میں لاہور قلندرز کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، عبداللّٰہ شفیق، سیم بلنگز، کامران غلام، حسین طلعت، سکندر رضا، راشد خان، ڈیوڈ ویزے، حارث رؤف اور زمان خان شامل تھے۔ 

شاداب خان کی قیادت میں میدان میں اترنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ رحمان اللہ گرباز، ایلکس ہیلز، کولن منرو، اعظم خان، آصف علی، فہیم اشرف، مبصر خان، محمد وسیم جونیئر، حسن علی اور فضل حق فاروقی شامل تھے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید