کراچی ایئر پورٹ پر غیر ملکی پرواز سے پرندہ ٹکرا گیا، جس کی وجہ سے انجن کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ٹیک آف کرتے ہی پرندہ ٹکرانے سے طیارے کی واپس ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی۔
فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 334 نے کراچی جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے دبئی کے لیے ٹیک آف کیا تھا۔
شیڈول اڑان بھرنے کے چند سیکنڈ بعد ہی بوئنگ 737 طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا تھا۔
ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق پائلٹ نے کنٹرول ٹاور کو ہنگامی صورتِ حال کی اطلاع دی۔
ہدایت ملنے پر پائلٹ نے 10 بج کر 18 منٹ پر طیارے کو جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر واپس لینڈ کیا۔
ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق مسافروں کو طیارے سے اتار کر ٹرانزٹ لاؤنج منتقل کیا جا رہا ہے۔
پرواز میں موجود مسافر کے مطابق پرندہ ٹکرانے سے طیارے کے ایک انجن سے غراہٹ کی خوفناک آوازیں آئیں۔