میڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کرنے والا بھارتی ایئر لائن کا طیارہ اپنی منزل دوحہ کی بجائے واپس دہلی پہنچ گیا۔
انڈیگو ایئر لائن کی دہلی سے دوحہ کی شیڈول پرواز 6E1736 پاکستان کی فضائی حدود میں تھی کہ اڑان کے 1 گھنٹہ 40 منٹ بعد میڈیکل ایمرجنسی پیش آ گئی۔
پنجگور کے مشرق میں 16 ناٹیکل میل کے فاصلے پر طیارے میں سوار 60 سالہ نائجیرین کی طبیعت خراب ہو گئی۔
پائلٹ کی جانب سے میڈیکل ایمرجنسی ڈیکلیئر کرنے پر پاکستانی ٹریفک کنٹرولر نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کراچی ایئر پورٹ پر لینڈنگ کی اجازت دی۔
طیارے نے رات 12 بج کر 12 منٹ پر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کیا جہاں مریض کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ایمبولینس اور ڈاکٹر فراہم کیا گیا، سی اے اے اور وفاقی وزارتِ صحت کے ڈاکٹرز نے مسافر کو چیک کیا لیکن 60 سالہ مسافر عبداللّٰہ لینڈنگ سے قبل ہی انتقال کر چکے تھے۔
سی اے اے اور وزارتِ صحت کے ڈاکٹرز نے مسافر کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کر دیا۔
ان تمام مراحل کے دوران بھارتی ایئر لائن انڈیگو کا ایئر بس A320-271N طیارہ لگ بھگ 4 گھنٹے تک کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر موجود رہا۔
صبح 4 بج کر 6 منٹ پر پرواز نمبر 6E9005 اپنی منزل دوحہ کی بجائے دہلی کے لیے روانہ ہوئی اور مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 8 منٹ پر دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ ہوئی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق میڈیکل ایمرجنسی اور مسافر کے انتقال کی وجہ سے طیارے نے اپنا اگلا سفر ملتوی کیا اور میت کو لواحقین کے حوالے کرنے کے لیے پائلٹ کو طیارہ واپس دہلی لے جانا پڑا۔