• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیاتی اداروں کے اختیارات سے متعلق درخواستوں کی سماعت، سندھ حکومت نے جواب جمع کرانے کیلئے پھر مہلت مانگ لی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے رو برو بلدیاتی اداروں کی خود مختاری کے لیئے سپریم کورٹ احکامات پر عمل درآمد سے متعلق کیو ایم پاکستان اور جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی درخواستوں کی سماعت ہوئی ، درخواست گزار اور وکلا پیش ہوئے، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے جواب جمع کرانے کے لیے ایک بار پھر مہلت مانگ لی، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی قوانین میں ترمیم کیلئے کمیٹی قائم کردی ہے، عدالت نے ریمارکس دیئے بار بار مہلت کے باوجود سندھ حکومت کی جانب سے جواب جمع نہیں کرایا جارہا، جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے سرکاری وکیل سے مکالمہ میں کہا کہ ہم آپ کی قدر کرتے ہیں مگر یہ مناسب رویہ نہیں ہے،آپ کا کام ہے تحریری جواب جمع کرائیں تاکہ کیس چلایا جائے، ایک سال سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہے، جواب جمع نہیں کرایا جارہا، درخواست گزار کا حق ہے وہ اپنا کیس چلائےاور آپکا کام ہے جواب جمع کرائیں، یہ بڑا کیس ہے ایک دن میں فیصلہ ممکن نہیں ہے، آئندہ سماعت تک جواب جمع نہ کرایا گیا تو دستیاب ریکارڈ کی روشنی میں کیس سن کر فیصلہ کردیا جائے گا، دائر درخواستوں میں موقف اپنایا گیا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں اور سندھ حکومت کو سپریم کورٹ فیصلے کی روشنی میں اصلاحات کا حکم دیا جائے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید