کوئٹہ (آئی این پی ) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مرکزی ترجمان و جمعیت کے رہنما مولانا حافظ حمد اللہ نے زلمے خلیل زاد کے دھمکی آمیز ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی سی آئی اے کا زرخرید زلمے خلیل زاد کا پاکستان کے خلاف دھمکی آمیز ٹویٹ کی شدید مذمت کرتاہوں، اس کا عمران خان کی حمایت اور پاکستان کی مخالفت میں ٹویٹ پاکستان دشمنی اور عمران دوستی کا ثبوت ہے۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ زلمے خلیل زاد مسلمان،افغان اورپاکستان دشمنی میں امریکہ سے چند قدم آگے ہے جوکہا کرتاتھا امریکہ نے میری حکومت گرائی، اب امریکی سی آئی اے کا اہم جاسوس انکی حمایت میں پیش پیش ہے۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان زلمے خلیل زاد سے مبینہ خفیہ ملاقاتیں اور امریکی گانگریس مینوں سے رابطے کر رہا ہے وہ امریکی سی آئی اے کی آشیرباد سے اقتدار میں آکر پاکستانی زلمے خلیل زاد بنناچاہتے ہیںاورامریکی مفادات کے تحفظ کے لئے پاکستان کی آزادی وخود مختاری بھی بیچ سکتا ہے،قوم عمران خان جیسے عالمی اسٹیبلشمنٹ کے مہرے کو اقتدار میں نہیں دیکھنا چاہتی۔