کوئٹہ( خ ن) کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت کوئٹہ شہر سے ڈیری فارمز کی منتقلی کے حوالے سے اجلاس ہوا اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی، ایس پی رحیم خان، ڈائریکٹر کوئٹہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ظہور احمد، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ کیو ڈی اے محمد سلیم کاکڑ، اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ (پولیٹیکل) کلیم اللہ، ڈیری فارمز ایسوسی ایشن کے نمائندگان اور کیو ڈی اے کے متعلقہ افسران نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ نے کہا کہ کوئٹہ شہر سے ڈیری فارمز کی منتقلی ناگزیر ہو چکی ہے اس لیے تمام متعلقہ محکمے اور ڈیری فارمز ایسوسی ایشن باہمی اشتراک سے جلد از جلد اس عمل کو یقینی بنائیں انہوں نے ہدایت کی کہ منتقلی کے لیے مختص کردہ مقامات پر موجود رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے جبکہ کیو ڈی اے ایک جامع فنانشل ماڈل تیار کر کے واضح روڈ میپ پیش کرے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ کتنے عرصے میں ڈیری فارمز کی شہر سے منتقلی مکمل ہو سکے گی کمشنر نے کہا کہ شہر بھر میں تقریباً 400 کے قریب ڈیری فارمز موجود ہیں جن کی وجہ سے ماحولیاتی مسائل جنم لے رہے ہیں بالخصوص جان محمد روڈ اور ایسٹرن بائی پاس کے ملحقہ علاقوں میں صورتحال زیادہ سنگین ہے انہوں نے زور دیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز ہر پہلو کا باریک بینی سے جائزہ لے کر ڈیری فارمز کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے عمل کو جلد مکمل کریں۔