ایشیا کپ 2023 کے پاکستان میں ہی ہونے کا امکان ہے جبکہ بھارت کے میچز کےلیے انگلینڈ بھی نیو ٹرل وینیوز میں شامل ہوسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نیوٹرل وینیو کا فیصلہ نہیں ہو سکا۔ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) عمان اور سری لنکا بھی نیوٹرل وینیو میں شامل ہوسکتے ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے میچز پاکستان سے باہر نیوٹرل وینیو پر ہونے کا امکان ہے، نیوٹرل وینیو پر پانچ میچز کروانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
پانچ میچز میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کم از کم دو میچز بھی شامل ہیں۔
6 ملکی ایشیا کپ کےلیے پاکستان اور بھارت کوالیفائر ٹیم کے ساتھ ایک گروپ میں شامل ہیں، سری لنکا افغانستان اور بنگلہ دیش ایک گروپ میں ہیں۔
ایشیا کپ ستمبر میں کھیلا جائے گا جو 50 اوورز کے فارمیٹ پر مشتمل ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان تین مرتبہ مقابلہ متوقع ہے۔
ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے ایشیا کپ کے شیڈول ٹریول پلان کے لیے ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا گیا ہے، حتمی فیصلے سے قبل براڈ کاسٹرز سے بھی مشاورت کی جائے گی۔
پاکستان کے علاؤہ نیوٹرل وینیو پر میچز کے لیے موسم بھی اہمیت کا حامل ہو گا، لندن جیسے وینیو پر ایشین کراؤڈ بہت زیادہ متوقع ہوتا ہے۔
اے سی سی کا اجلاس آئی سی سی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ہوا، اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی شریک ہوئے، بھارت کی طرف سے اجلاس میں جے شاہ موجود تھے، اجلاس میں بھارت نے پاکستان ٹریول نہ کرنے کے مؤقف کو دوہرایا۔
پاکستان نے پورا ٹورنامنٹ پاکستان سے باہر لے جانے کا فیصلے کرنے پر ٹورنامنٹ سے نکل جانے کا کہہ دیا۔
اے سی سی کے اجلاس میں پاکستان سے باہر میچز کروانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
سری لنکا کرکٹ نے ایشیا کپ کے تبادلے کا کہا لیکن پاکستان نے میزبانی بدلنے پر آمادگی ظاہر نہ کی۔
پاکستان اور بھارت دو جگہوں پر ایشیا کپ کے انعقاد کے لیے بظاہر رضامند ہیں، ان جگہوں پر ایشیا کپ کا انحصار لاجسٹکس پر ہوگا۔