کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارتی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہےکہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو ایشیا کپ میں شرکت کے حوالے سے فیصلہ کرنے دیں اس کے بعد وزارت داخلہ فیصلہ کرے گی۔ ناگپور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انوراگ ٹھاکر نے اپنے مؤقف کو تبدیل کرتے ہوئے اس معاملے کو بھارتی کرکٹ بورڈ کے فیصلے سے منسلک کردیا۔ گزشتہ برس انہوںنے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایشیا کپ کیلئے پاکستان جانے کا فیصلہ وزارت داخلہ نے کرنا ہے کیونکہ کھلاڑیوں کی سکیورٹی بڑی اہم ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کو رواں سال ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنی ہے جب کہ بھارت نے پاکستان میں ٹیم بھیجنے سے انکار کیا ہوا ہے، اس کا مؤقف ہے کہ ایشیا کپ پاکستان سے کسی دوسرے ملک منتقل کیا جائے۔ بھارت کی جانب سے ایشیا کپ میں شرکت نہ کرنے کے اعلان پر پاکستان نے بھی رواں سال بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ سے دستبردار ہونے کی دھمکی دی ہوئی ہے۔