میانمار کی فوجی حکومت نے سابق رہنما آنگ سان سوچی کی جماعت کو تحلیل کر دیا۔
ینگون سے خبر ایجنسی کے مطابق میانمار حکومت نے سابق حکمراں جماعت کے علاوہ 39 دیگر جماعتوں کو بھی تحلیل کیا ہے۔
خبر ایجنسی کا مزید کہنا ہے کہ تمام جماعتوں کو مقررہ تاریخ پر رجسٹریشن نہ کروانے پر تحلیل کیا گیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق میانمار کی فوجی حکومت نے ملک میں انتخابات کروانے کا بھی اعلان کیا ہوا ہے۔ میانمار کی فوجی حکومت نے انتخابات کےلیے ابھی کوئی تاریخ نہیں دی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق میانمار کی فوج نے 2021 میں سابق حکمران آنگ سان سوچی کی حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا۔
رواں برس جنوری میں فوج نے سیاسی جماعتوں کے دوبارہ رجسٹریشن کیلئے دو مہینے کا وقت دیا تھا۔
فوج نے نئے انتخابات سے قبل نیا انتخابی قانون تیار کیا جس کے تحت سیاسی جماعتوں کو دوبارہ رجسٹریشن کروانا تھی۔
نئے قوانین کے تحت رجسٹریشن کیلئے 90 سیاسی جماعتوں میں سے صرف 50 نے درخواستیں جمع کروائیں جبکہ باقی جماعتوں کو آج سے تحلیل کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ آنگ سان سوچی نے نیشنل لیگ 1988 میں قائم کی تھی اور انہیں 1990 میں انتخابی کامیابی ملی لیکن فوجی جنتا نے ان انتخابات کو مسترد کر دیا تھا۔
خیال رہے کہ میانمار میں فروری 2021 کے دوران فوج نے اقتدار پر قبضہ کیا تھا جس سے ملک میں جاری دس سالہ جمہوری دورِ حکومت ختم ہوگیا۔