پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ دستورِ پاکستان ریاستی ستونوں کے مابین اختیارات کی تقسیم کے اصول کا نگہبان ہے۔
وزیراعظم کے پارلیمان میں خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقننّہ، عدلیہ اور انتظامیہ اپنی حدود میں کام کرنے کے پابند ہیں۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پارلیمان کو آئین و ریاستی اداروں کے خلاف سازشوں کا گڑھ بنانے والوں کا محاسبہ لازم ہے۔
انہوں نے کہا کہ دستور انتخابات سے متعلق 90 روز سے ایک دن آگے جانے کی اجازت نہیں دیتا۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ پہلے انتخابات سے بھاگنےکی کوشش کی، اب سپریم کورٹ کو دھمکانے کے لئے پارلیمان سے حملے کررہے ہیں۔