آبنائے تائیوان میں چین کی تین روزہ فوجی مشقوں پر روس کا کہنا ہے کہ چین کو اس کے خلاف ہونے والی بار بار کی اشتعال انگیزیوں کا جواب دینے اور تائیوان کے اردگرد فوجی مشقیں کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔
ترجمان کریملن دیمتری پیسکوف کا کہنا تھا کہ ہم سب نے دیکھا ہے کہ حالیہ کچھ عرصے میں چین کو بار بار کی اشتعال انگیزیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ چین کو پورا حق حاصل ہے کہ اس کے خلاف ہونے والی اشتعال انگیزیوں کا جواب دے، تائیوان کے اردگرد چین کی فوجی مشقیں بین الاقوامی قوانین کے عین مطابق کی گئی ہیں۔
فرانسیسی صدر میکروں کے دورہ چین میں یوکرین تنازع پر ہونے والے بات چیت کے بارے میں دیمتری پیسکوف کا کہنا تھا کہ فرانس یوکرین تنازع میں بالواسطہ اور بلاواسطہ دونوں لحاظ سے یوکرین کی طرف سے شامل ہے۔
ترجمان کریملن کے مطابق اس لیے یوکرین تنازع میں فرانس کی ثالثی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
دورہ چین میں فرانسیسی صدر نے چینی صدر پر یوکرین تنازع کے حل کے لیے روس پر دباؤ ڈالنے کا کہا تھا۔