• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راجپال یادیو کے قانونی مسائل سنگین رخ اختیار کر گئے

بالی ووڈ اداکار راجپال یادیو۔فوٹو: فائل
بالی ووڈ اداکار راجپال یادیو۔فوٹو: فائل

بالی ووڈ اداکار راجپال یادیو کے قانونی مسائل سنگین رخ اختیار کر گئے، جب دہلی ہائی کورٹ نے اداکار کو جیل حکام کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق راجپال نورنگ یادیو کو 4 فروری تک خود کو حکام کے حوالے کرنے کو کہا گیا تھا، راج پال نے مہلت بڑھانے کی درخواست دائر کی کیونکہ انہیں 50 لاکھ روپے کی رقم کا انتظام کرنا تھا۔ لیکن دہلی ہائی کورٹ نے یہ درخواست مسترد کر دی۔

2 فروری کو راج پال کو بدھ تک سرینڈر کرنے کی ہدایت دی گئی، جس پر ان کے وکیل نے 50 لاکھ روپے کا انتظام کرنے کے لیے مزید ایک ہفتے کی مہلت مانگی۔ 

جسٹس سورنا کانتا شرما نے کہا کہ میں نے اسی دن یہ دلائل مسترد کر دیے تھے اور آپ کو سرینڈر کرنے کے لیے مزید دو دن دیے تھے۔ مجھے نہیں لگتا کہ کوئی بنیاد موجود ہے۔ آپ کو ایک مخصوص دن سرینڈر کرنا تھا، لیکن چونکہ آپ نے کہا تھا کہ آپ بمبئی میں ہیں، اس لیے آپ کو دو دن کی مہلت دی گئی، آج آپ کو شام 4 بجے سرینڈر کرنا ہوگا۔

انہوں نے راجپال کی جانب سے عدالت کے احکامات پر بار بار عمل نہ کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسا وہ کم از کم 15 سے 20 بار کر چکے ہیں۔ ان کا رویہ پچھلے حکم میں بھی درج ہے۔ انہوں نے کسی حکم، کسی حلف نامے پر عمل نہیں کیا، مجھے نہیں لگتا کہ اب ان کے لیے کسی قسم کی نرمی کی کوئی گنجائش باقی ہے۔

یہ حکم ایک طویل عرصے سے جاری چیک باؤنس کیس میں تصفیے کی شرائط پوری نہ کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔ 

راج پال یادیو کا انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں سفر کسی بلاک بسٹر سے کم نہیں رہا۔ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے بھول بھلیاں، ہنگامہ، ڈھول، چھپ چھپ کے، پھر ہیرا پھیری، میں، میری پتنی اور وہ، اور کل ہو نہ ہو جیسی فلموں میں شاندار اداکاری کی۔ 

اس کے علاوہ اردھ، جنگل، اور میں مادھوری ڈکشٹ بننا چاہتی ہوں جیسی فلموں میں ان کی سنجیدہ اور متاثر کن پرفارمنس بھی یادگار سمجھی جاتی ہے۔

راج پال یادیو کی آخری بڑی اسکرین پر نمائش فلم بیبی جان تھی، جس میں وہ ورون دھون اور کیرتی سریش کے ساتھ نظر آئے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید