• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر مملکت نے وزیراعظم کو فواد چوہدری کا خط بھیج دیا

فوٹو فائل
فوٹو فائل

نگراں حکومتوں کے 90 دن سے زائد ہونے کے معاملے پر صدر مملکت ڈاکٹر  عارف علوی نے وزیراعظم  شہباز شریف کو فواد چوہدری کا خط بھیج دیا۔

صدر مملکت نے دو صوبوں میں نگراں حکومتوں کے 90 دن سے زائد قیام کی قانونی حیثیت پر اظہارِ تشویش کیا۔

خط میں صدر مملکت نے وزیراعظم سے سابق وفاقی وزیر کے اٹھائے گئے مسائل پر غور کرنے کا کہا۔

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی نگراں حکومتوں کو ہٹانے کےلیے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی نگراں حکومتوں کی مدت کی تکمیل کے معاملے پر سپریم کورٹ میں باضابطہ درخواست دائر کی۔

درخواست سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی اور سابق چیف منسٹر خیبر پختونخوا محمود خان کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔

درخواست میں نگراں وزرائے اعلیٰ کو اختیارات کے استعمال سے فوری روکنے کی استدعا کی گئی۔

درخواست میں عدالت سے اپنی نگرانی میں پنجاب، کے پی میں امور چلانے کا طریقہ کار وضع کرنے کی استدعا بھی کی گئی۔

درخواست میں وفاق کو وزارت داخلہ، وزارت خزانہ اور وزارت قانون و انصاف کے سیکرٹریز کے ذریعے فریق بنایا گیا۔

درخواست میں صدر مملکت، وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹریز، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے نگراں وزرائے اعلیٰ کو بھی فریق بنایا گیا۔

پرویز الہٰی اور محمود خان کی درخواست میں الیکشن کمیشن کو بھی فریق بنایا گیا۔

درخواست میں اسمبلیوں کی تحلیل اور نگراں حکومتوں کی تشکیل کے حقائق شامل ہیں، ساتھ ہی دستور پاکستان اور انتخابی قوانین کی متعلقہ بنیادوں کو بھی بیان کیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید