ملک میں منکی پاکس وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر بیرون ملک سے آنے والے مشتبہ مریضوں کی اسکرینگ کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں ایئرپورٹس کو ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے۔
وفاقی محکمہ صحت کی جانب سے ایئرپورٹس پر متعلقہ محکموں کو گائیڈ لائینز پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ طیارے میں موجود مشتبہ مریض کی نشاندہی کی جائے۔ مشتبہ مریض کو روٹین کے ڈیپارچر کی بجائے ایمبولینس کے ذریعے نکالا جائے۔
ہدایت نامہ کے مطابق متاثرہ مریض کی امیگریشن ایئرلائن اسٹاف کروائے گا۔ مریض کے سفری دستاویزات باقاعدہ لفافہ میں بند کر کے لائے جائیں۔ جبکہ وائرس کے خطرے کے پیش نظر ایئر پورٹس پر پروٹوکول سروس فوری بند کی جائے۔
ہدایت نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ محکمہ صحت کے اہلکار مسافروں کے سامان پر جراثیم کش اسپرے کریں۔ محکمہ صحت کے اہلکار حفاظتی پی پی ای کٹس لازمی استعمال کریں۔ عمرہ سے آنے والے ہر ایک مسافر کو چیک کیا جائے۔