• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مطالبات پر عمل نہ ہوا تو چینی کی فروخت بند کردینگے‘ تاجران

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مرکزی انجمن تاجران بلوچستان ، شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن اور آٹا ڈیلروں نے صوبے میں چینی ، آٹا اور کھاد قبضہ میں لینے اور ٹرکوں کو چیک پوسٹوں پر کھڑا کرنے کی مذمت کرتے ہوئے پکڑی گئی چینی فوری طور پر تاجروں کو واپس کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 دن کے اندر مطالبات پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو صوبے بھر میں چینی کی فروخت اورقومی شاہراہوں کو بند کردیا جائے گا۔یہ بات مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ ، شوگر ڈیلر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی عبدالرحمٰن شاہ آغا ، میر یٰسین مینگل اور صادق اچکزئی نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر جہانگیر لانگو ، اللہ داد ، ملک بہادر ترین ، ثناء بلوچ ، عبدالباری آغا ، حسن آغا ، سید شاہ رضا ، صدیق درانی ، سیف اللہ لانگو سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے بلوچستان میں چینی کا کاروبار کرنے والے تاجروں کو شدید ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ،کروڑوں روپے مالیت کی چینی بغیر کسی وجہ کے قبضے میں لی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مرکزی انجمن تاجران بلوچستان ہمسایہ ممالک چینی و آٹا کی اسمگلنگ کے خلاف ہے لیکن اس کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے ہمارے ساتھ ناروا سلوک روا رکھا جارہا ہے کسٹم چیک پوسٹوں پر چینی ، آٹا اور کھاد سے لدے ہوئے ٹرک کھڑے ہیں جنہیں کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ، بارشوں اور ژالہ باری کے باعث ان ٹرکوں میں سامان خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ،جبکہ ٹرک مالکان روزانہ کی بنیاد پر اپنا کرایہ وصول کررہے ہیں جس سے دکانداروں کو دہرے نقصان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ کوئٹہ اورا ندرون صوبہ چینی ،آٹا اورکھاد لیکر جانے والے ٹرکوں کو چیک پوسٹوں پربلاجواز تنگ کرنے اورانہیں ہفتوں روکنے سے ایک ہفتے میں چینی کی بوری میں 1300روپے اضافہ ہوا جس کے ذمہ دار کسٹم حکام ہیں ۔انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت،کسٹم حکام سمیت دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ اوراندرون صوبہ چینی ،آٹا اور کھاد لیکر جانے والے ٹرکوں کو بلاجواز روکنے اورتاجروں کے گوداموں پر چھاپوں کا نوٹس لیاجائے۔خضدار ،واشک ،کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں تاجروں کے گوداموں سے پکڑی گئی چینی فوری طور پر تاجروں کو واپس کی جائے اگر6 دن کے اندرگوداموں چینی ڈیلروں اورتاجروں کو واپس نہیں کی گئی اور چیک پوسٹوں پرچینی سے لوڈ ٹرکوں کو جانے کی اجازت نہیں دی گئی تو6مئی سے صوبے بھر میں تاجر چینی کی فروخت بند اور اس کے بعد صوبے بھر میں تاجر شاہراہوں کو ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیں گے اگر پھر بھی چینی کے ڈیلروں کو تنگ کرنے کا سلسلہ بند نہ ہوا اور پالیسی کا اعلان نہ کیا گیا تو صوبے بھر میں شٹرڈاؤن اور پہیہ جام کریں گے۔
کوئٹہ سے مزید