چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے کہا ہے کہ نوجونواں کو پاکستان مخالف بنانے کی فارن فنڈڈ مہم چل رہی ہے۔
ن لیگی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں کیو آر کوڈ کے ذریعےنوجوانوں، خواتین کی پارٹی میں شمولیت کی پیشرفت پر غور کیا گیا۔
مریم نواز نے پنجاب میں نوجوانوں اور خواتین کی ن لیگ میں شمولیت کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا اور رجسٹریشن کے عمل میں بھرپور شرکت پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔
اس دوران مریم نواز نے تمام یوتھ کوآرڈینٹرز کی کارکردگی اور جذبے کو سراہا اور حنا بٹ، نوشین اور عاشق حسین کی کارکردگی کی تعریف کی۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ نوجوان اور خواتین کی سیاسی عمل میں شمولیت بڑی تبدیلی لاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان اور خواتین کو اپنے بہتر مستقبل کے لئے درست سیاسی فیصلے کرنے ہوں گے۔
ن لیگی چیف آرگنائزر نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو فیصلہ سازی میں شامل کرنے کا مقصد اُن کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو پاکستان سے مایوس کرنے کی منظم سازش ناکام بنائیں گے، خواتین کی سیاسی عمل میں شمولیت سے استحصال کا خاتمہ ہوگا۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ نوجوان اور خواتین معاشرے میں سب سے زیادہ آبادی رکھنے والے طبقات ہیں، نوجوانوں کو فیصلہ سازی میں شامل کرنے کا مقصد اُن کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔ نوجوان مستقبل کی قیادت ہیں، انہیں قوم کا معمار، بااختیار بنائیں گے۔