پاکستانی معروف سینئر اداکار عثمان پیرزادہ نے اہلیہ، ثمینہ پیرزادہ کے ساتھ اپنی شادی کی دلچسپ رومانوی کہانی سنائی ہے۔
عثمان پیرزادہ نے نجی ٹی وی کے شو میں شرکت کی، اس دوران انہوں نے اپنی دلچسپ باتوں سے مداحوں کو خوب محظوظ کیا۔
اداکار عثمان پیرزادہ نے ماضی کی خوشگوار یادوں کو تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ اُن کی ثمینہ پیرزادہ سے 1973 میں ملاقات اور 1975 میں شادی ہوئی تھی۔
دونوں اداکاروں کی ملاقات راولپنڈی کے علاقے چکلالہ میں پی ٹی وی کے سب سے پہلے اسٹیشن پر ہوئی تھی، وہ اُس وقت تقریباً 20 سال کے تھے اور اپنے مشہور ڈرامہ سیریل ’ دوسرا آدمی‘ کی شوٹنگ کر رہے تھے۔
عثمان پیرزادہ نے بتایا کہ ثمینہ کی ایک کزن اُن کے ساتھ ڈرامے میں کام کر رہی تھی، اسی طرح اُن کی اور ثمینہ کی ملاقات ہوئی تھی، وہ اُن دنوں نئے نئے مشہور ہو رہے تھے۔
عثمان پیرزادہ کا بتانا ہے کہ میں نے اور ثمینہ نے والدین کو بتائے بغیر شادی کی تھی، ایک بار میں لاہور سے کراچی صرف ثمینہ سے ملاقات کے لیے اُن کے گھر پہنچ گیا تھا، میں اُن دنوں اپنے ڈرامہ سیریل کے سبب کافی مشہور ہو چکا تھا، ثمینہ کی والدہ اُنہیں اپنے گھر کے دروازے پر دیکھ کر حیران رہ گئی تھیں۔
عثمان پیرزادہ نے بتایا کہ انہوں نے بلا جھجک ثمینہ کی والدہ سے کہا کہ میں خاص طور پر لاہور سے کراچی آپ کی بیٹی سے ملنے آیا ہوں، میں نہیں چاہتا کہ میں آپ کی بیٹی سے کسی ہوٹل یا پارک میں ملاقات کروں، اگر آپ کی اجازت ہو تو ثمینہ کو بلا دیں تاکہ میں آپ کے سامنے اسی صوفے پر بیٹھ کر ثمینہ سے مل سکوں۔