• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکارہ حمیرا اصغر کی فائنل میڈیکو لیگل رپورٹ تیار، موت پر شکوک و شبہات پیدا ہوگئے

حمیرا اصغر : فائل فوٹو
حمیرا اصغر : فائل فوٹو 

کراچی کے علاقے ڈیفنس کے ایک فلیٹ سے ملنے والی ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، اداکارہ کی فائنل میڈیکو لیگل رپورٹ تیار ہوگئی ہے۔

حمیرا اصغر کی فائنل رپورٹ نے اداکارہ کی موت پر شکوک و شبہات پیدا کر دیے، جس میں بتایا گیا کہ حمیرا کے کپڑوں پر خون لگا ہوا تھا۔

میڈیکو لیگل رپورٹ کے مطابق حمیرا کی ٹی شرٹ اور ٹراؤزر پر خون کے نشانات ملے ہیں، حمیرا کے کپڑوں پر ڈی این اے بھی ملا ہے، اداکارہ کی لاش مکمل نہیں تھی، صرف ہڈیاں تھیں، جسمانی اعضاء نہ ملنے کے باعث وجہ موت معلوم نہ ہوسکی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلڈ اور ڈی این اے کے حوالے سے کوئی ڈیٹا بینک موجود نہیں، حمیرا اصغر کا ایک موبائل فون بھی اب تک نہیں مل سکا ہے، موبائل فون کے ڈیٹا سے تفتیش میں بہت مدد مل سکتی تھی۔

واضح رہے کہ 8 جولائی کو اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں ایک فلیٹ سے ملی تھی، وہ گزشتہ 7 سال سے اس کرائے کے فلیٹ میں مقیم تھیں، اداکارہ 2018ء میں لاہور سے کراچی منتقل ہوئی تھیں۔

ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق خاتون فلیٹ میں 7 سال سے اکیلی رہ رہی تھیں، 2018ء میں فلیٹ کرائے پر لیا تھا اور وہ 2024ء سے کرایہ نہیں دے رہی تھیں۔

کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں مالک مکان نے کیس کیا تھا، بیلف آیا تو دروازہ بند تھا، دروازہ نہ کھلنے پر توڑا گیا تو کمرے میں زمین پر خاتون کی لاش پڑی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید