نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو میں آج احتجاج کرنے والوں پر سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں 21 افراد کی ہلاکت اور 250 سے زائد کے زخمی ہونے پر نیپالی نژاد بھارتی اداکارہ منیشا کوئرالہ نے مذمتی بیان میں اسے ملک کے لیے سیاہ دن قرار دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ منیشا کوئرالہ نے سوشل میڈیا پر نیپال میں مظاہرین پر پرتشدد کریک ڈاؤن کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔
نیپال سے تعلق رکھنے والی منیشا کوئرالہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر خون سے لت پت جوتے کی تصویر نیپالی زبان میں ایک پیغام کے ساتھ شیئر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آج نیپال کے لیے ایک سیاہ دن ہے، جب گولیوں کے ذریعے عوام کی آواز، بدعنوانی کے خلاف غم و غصے اور انصاف کے مطالبے کا جواب دیا گیا۔
ان کے یہ تبصرے جنریشن زی کے مظاہرین کی قیادت میں ہونے والی جان لیوا بدامنی کے بعد سامنے آئے ہیں جنہوں نے بدعنوانی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر حکومت کی متنازع پابندی کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کیا۔
نیپالی وزیرِ اعظم کے پی شرما اولی کی سوشل میڈیا پر پابندی کے خلاف پرتشدد مظاہرے ہوئے ہیں جن کے نتیجے میں 21 اموات ہوئی ہیں اور 250 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
کٹھمنڈو اور دیگر بڑے شہری مراکز بیر گنج، بھیروہا، بوٹوال، پوکھارا، اٹاہری اور دامک میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے، شدید سیاسی دباؤ اور عوامی غم و غصے کا سامنا کرتے ہوئے نیپالی وزیرِ اعظم کے پی شرما اولی اور وزیرِ داخلہ رمیش لیکھک مستعفی ہو گئے ہیں۔
رمیش لیکھک نے تشدد کی اخلاقی ذمے داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دیا ہے۔