نامور پاکستانی گلوکارہ اور سماجی کارکن حدیقہ کیانی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے پہنچ گئیں، عوام سے بھی مدد کی اپیل کر دی۔
2022 کی طرح اس بار بھی سیلاب زدگان کی مدد کے لیے گلوکارہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں فلاحی کاموں میں پیش پیش ہیں۔
انہوں نے اس حوالے سے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر چند ویڈیوز اور تصاویر پوسٹ کی ہیں اور مداحوں کو اپنی امدادی سرگرمیوں کے بارے میں باقاعدگی سے اپ ڈیٹ بھی کر رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی پوسٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بار پھر حدیقہ کیانی سیلاب زدگان کے لیے امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔ وہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتی رہی ہیں اور بے گھر لوگوں کو ابتدائی طبی امداد اور ضروری سامان فراہم کر رہی ہیں۔
انہوں نے ضلع قصور کے اپنے حالیہ دورے کی ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں انہیں برقع پہن کر بازار میں سیلاب متاثرین کے لیے خود خریداری کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ان ویڈیوز میں دیکھ سکتے ہیں کہ حدیقہ کیانی بازار میں تھیں کہ اس دوران بارش شروع ہوگئی تو انہوں نے چھتری کا استعمال کرتے ہوئے خریداری جاری رکھی جبکہ بعض ویڈیوز میں گلوکارہ متاثرین کے لیے لحاف، کمبل خریدتے اور دکاندار سے بھاؤ تاؤ کرتے بھی دکھائی دیں۔
سوشل میڈیا پوسٹ کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے صارفین حدیقہ کیانی کی ہمت کو داد دے رہے ہیں اور ان کی خوب تعریفیں بھی کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 2022 کے ہولناک سیلاب کے دوران بھی حدیقہ کیانی نے متاثر ہونے والوں کے لیے وسیلۂ راہ منصوبہ شروع کیا تھا جو بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے علاقوں میں متاثرین کی امداد کے لیے وقف ہے۔