راولپنڈی میں خسرہ سے متاثرہ بچوں کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر احسان غنی کے مطابق جنوری سے اب تک راولپنڈی میں 320 بچے خسرہ سے متاثر ہوئے۔
اس حوالے سے ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ رواں سال اب تک خسرہ سے متاثرہ 8 بچے انتقال کر چکے ہیں جبکہ ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
احسان غنی نے کہا ہے کہ ویکسی نیشن کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے، خسرہ سے متاثرہ 320 بچوں میں سے بیشتر صحت یاب ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ راول ٹاؤن کی 46 یونین کونسلوں میں خسرہ کے 142 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ ٹیکسلا میں 24 بچے خسرہ سے متاثر ہوئے۔
خسرہ سے متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھنے پر محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ نے نوٹس لے کر خسرہ سے بچاؤ کی ویکسی نیشن تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔