کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارتی کرکٹ بورڈ ایشیا کپ پاکستان سے منتقل کرنے کیلئے پورا زور لگا رہا ہے، ملکی میڈیا پر پوری طرح کا ہمنوا بنا ہوا ہے۔ میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان سے لے کر سری لنکا کو دی جا سکتی ہے ، جنگ نے گذشتہ ماہ ایشیا کپ سری لنکا میں کرانے کی خبر دی تھی۔ تاہم سری لنکا کرکٹ نے ان قیاس آرائیوں کو بے بنیاد قرار دیا ہے ۔ حکام کے مطابق ہمیں اس بارے میں کسی نے نہیں بتایا۔ ٹورنامنٹ کی میزبانی کا فیصلہ اے سی سی نے کرنا ہے۔ رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان اور یو اے ای ٹیم بھیجنے کو تیار نہیں ہے۔ ستمبر میں یو اے ای میں موسم انتہائی گرم رہتا ہے۔ ورلڈکپ سے پہلے یواے ای میں ٹورنامنٹ کے انعقاد پر باقی ممبرز ممالک نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ گزشتہ اے سی سی اجلاس میں اومان نے بھی ایشیا کپ کی میزبانی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کی سری لنکا منتقلی کا حتمی فیصلہ رواں ماہ کے آخر تک کیا جا سکتا ہے۔ بنگلہ دیش، افغانستان اور سری لنکا ایشیا کپ کی سری لنکا میں کروانے کی حمایت کر چکے ہیں۔ میچز دمبولا اور پالی کیلے میں ہوسکتے ہیں۔ پاکستان ایشیا کپ کی منتقلی پر ایونٹ کا بائیکاٹ کر سکتا ہے۔ پی سی بی واضح طور پر کہہ چکا ہے کہ ایشیا کپ پاکستان میں ہی ہوگا، پی سی بی بھارتی کرکٹ بورڈ کو ہائبرڈ ماڈل کی تجویز بھی دے چکا ہے، پی سی بی کے ہائبرڈ ماڈل پر براڈ کاسٹرز کو بھی تحفظات ہیں، چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی اے سی سی عہدیداران سے ملاقات کے لیے دبئی میں موجود ہیں۔