معروف پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر و اداکار مومن ثاقب نے معاشرے کے اہم مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے ایک اہم اقدام اُٹھایا ہے۔
مومن ثاقب اپنی تعلیم مکمل کرنے کے لیے ٹیلی ویژن اسکرین سے کچھ عرصے دور رہے لیکن اس دوران بھی وہ سوشل میڈیا پر مسلسل اپنے مداحوں کے لیے مزاحیہ ویڈیوز شیئر کرتے رہے۔
اب حال ہی میں وہ ٹی وی اسکرین پر ایک ایسے ٹاک شو کے ساتھ واپس آئے ہیں جس میں تفریح کے ساتھ ساتھ کچھ اہم مسائل کو بھی اجاگر کیا جارہا ہے۔
اُنہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے ٹاک شو کا ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا ہے۔
اس ویڈیو کلپ میں اُنہیں اپنے شو کے آخر میں ایک خصوصی سیگمنٹ ’غور کرو‘میں ہمارے معاشرے میں موجود کچھ اہم مسائل جیسے کے چائلڈ لیبر، مینٹل ہیلتھ اشوز اور چائلڈ میریج وغیرہ کے بارے میں اپنے شو میں شریک مہمانوں سے گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اُنہوں نے شو کے ویڈیو کلپ کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ جب مجھے ایک ٹی وی شو کرنے کا موقع ملا تو میں نے شو کا یہ ایک سیگمنٹ ’غور کرو‘ تجویز کیا کیونکہ یہ میرے دل کے بہت قریب ہے۔
اُنہوں نے لکھا کہ زندگی میں کوئی اچھا پلیٹ فارم ملا تو سوچا کیوں نہ آپ کو انٹرٹین کے ساتھ ساتھ کچھ ایسا کیا جائے جس سے حقیقتاََ زندگی میں کوئی فرق پڑتا ہو۔
مومن ثاقب نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا کہ کوشش کرنے سے ہی اچھی چیزوں کا آغاز ہوتا ہے، اس لیے دنیا کو ایک بہتر جگہ بنانے کے لیے ایک قدم بڑھائیں اور اپنا حصّہ ڈالیں۔
اداکار کے اس اقدام کی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب تعریفیں کی جارہی ہیں۔