بالی ووڈ اداکارہ امریتا راؤ نے انکشاف کیا ہے کہ 2006ء میں ریلیز ہونے والی اُن کی فلم ’ویواہ‘ کے بعد اُنہیں بیرونِ ملک سے شادی کے ان گنت پروپوزل آئے تھے۔
امریتا راؤ نے حال ہی میں بھارتی میڈیا ’راجشری پروڈکشن‘ کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ جب 2006 میں ویواہ ریلیز ہوئی تو اِنہیں دنیا بھر سے شادی کے کئی پروپوزل آئے تھے، اُس دور میں زیادہ اسمارٹ فون کا استعمال نہیں تھا، اِنہیں زیادہ تر کینیڈین اور امریکی لڑکوں کی جانب سے خطوط موصول ہوتے تھے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اُن سے شادی کے خواہشمند لڑکے اُنہیں اپنے گھر، اپنی ماؤں اور اپنی گاڑیوں کے ساتھ تصاویر بھیجتے تھے۔
امریتا راؤ نے بتایا کہ وہ اُس وقت اِن پروپوزل پر ہنستی تھیں۔
انہوں نے انٹرویو کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب جب وہ پیچھے مڑ کر دیکھتی ہیں تو سوچتی ہیں کہ ایک کردار کا شائقین کے ذہنوں پر کتنا اثر ہوتا ہے، آپ کے مداح آپ سے شادی تک کا سوچ لیتے ہیں، شائقین کے مطابق اسکرین پر نظر آنے والا کردار سچا اور جادوئی ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ فلم ویواہ میں امریتا راؤ کے مدِ مقابل اداکار شاہد کپور نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
فلم ویواہ ان دونوں فنکاروں کے کیریئر کے لیے گیم چینجر ثابت ہوئی، 2006ء میں اس فلم نے باکس آفس پر 100 کروڑ روپے کمائے تھے۔
یاد رہے کہ بالی ووڈ اداکارہ امریتا راؤ نے 2014ء میں شادی کی تھی لیکن اس شادی کو منظرِ عام پر 2016 میں لائیں تھیں۔
انہوں نے شادی کو دو سال تک چھپانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنا کیریئر بچانا چاہتی تھیں اسی لیے شادی کو دو سال تک خفیہ رکھا۔