• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی بھی گھر میں باورچی خانہ کو ایک خاص اہمیت حاصل ہوتی ہے۔باورچی خانہ پورے دن صبح تا رات زیرِ استعمال رہتا ہے، جس کے باعث گھر کے دیگر حصوں کے مقابلے میں باورچی خانہ کے کیبنٹ، رنگ و روغن اور دیگر ضروری تنصیبات نسبتاً جلدی خراب ہوجاتی ہیں۔

آخری بار آپ نے اپنے باورچی خانہ کی تزئین و آرائش پر کب نظر ڈالی تھی؟ کیوں کہ درج بالا حقائق کے باوجود، اس کی تزئین و آرائش کو اکثر نظرانداز کیا جاتا ہے۔ اگر آپ نے بھی گزشتہ کچھ عرصے سے اپنے کچن کو نظرانداز کیا ہوا ہے تو شاید اب وقت آگیا ہے کہ آپ اس پر تھوڑی توجہ دیں اور اَپ ڈیٹ کریں۔ کچن کی تزئین و آرائش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ اس میں نئے رنگ بکھیر دیں۔ آپ اپنے کچن میں کس طرح رنگ بھر سکتے ہیں، آئیے جانتے ہیں۔

رنگ و روغن

غالباً، کچن میں رنگ بھرنے کا سب سے آسان طریقہ یہی ہے کہ اس کی دیواروں کو نیا رنگ و روغن کریں۔ ایک یا ایک سے زائد بولڈ رنگوں کو چُنیں اور کچن کی دیواروں کو ان سے سجادیں، آپ کا خرچہ صرف پینٹ کے دو، چار ڈبوں سے بڑھ کر کچھ نہیں آئے گا۔ اکثر لوگ کچن میں ایک رنگ استعمال کرنا بہتر تصور کرتے ہیں اور اگر آپ بھی اس سوچ کے حامی ہیں تو ہم آپ کو تجویز پیش کرتے ہیں کہ اس بار ایک سے زائد بولڈ رنگ منتخب کریں اور اپنی بہترین تخلیقی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے کچن کو نئی جلا بخش دیں۔

کھِلتے رنگوں والے کیبنٹس

دیواروں کے بعد آپ اپنی توجہ کچن کے کبڈز کی طرف مبذول کریں، کیونکہ کبڈز آپ کے کچن کے سب سے نمایاں فیچرز میں سے ہوتے ہیں۔ کچن کے کبڈز کے معاملے میں اکثر لوگ بنیادی رنگوں کے ساتھ جُڑے رہنے کو ترجیح دیتے ہیں، جیسے سفید یا لکڑی نما رنگ ، لیکن ہم آپ کو تجویزدیتے ہیں کہ کچن میں کبڈز سب سے زیادہ جگہ لینے والی چیز ہوتے ہیں، اور کچن میں رنگ بھرنے کے لیے کبڈز سب سے بہترین انتخاب ہوسکتے ہیں۔

اگر آپ کا گھر کسی پرفضا مقام پر ہے اور کچن کی گیلری یا کھڑکی ہریالی اور سبزے میں کھلتی ہے تو آپ کچن کے کبڈز کو ہرا رنگ اور اگر آپ کا گھر ساحل سمندر پر ہے یا اس کے قریب ہے اور آپ کے کچن کی گیلری یا کھڑکی سمندر کی طرف کھلتی ہے تو آپ کبڈز کو ہلکا نیلا رنگ کرکے باہر کے فطری ماحول سے ہم آہنگ کرسکتے ہیں۔

اس کے علاوہ، گہرے نیلے رنگ کو اتنی اہمیت نہیں دی جاتی لیکن یہ کچن کے کبڈز کے لیے ایک بولڈ چوائس ہے۔ کبڈز کو نیا رنگ کرنے میں بھی سب سے اچھی بات یہی ہے کہ آپ کو کبڈ نکالنے اور بدلنے کی ضرورت نہیں ہے۔ زیادہ تر کبڈز کو دوبارہ رنگ و روغن کیا جاسکتا ہے۔

مونوکروم

اگر آپ اپنے کچن میں رنگوں کے انتخاب کو ایک ہی تھیم دینا چاہتے ہیں تو مونوکروم تھیم اپنائیے۔ ایک رنگ، جو آپ کو سب سے زیادہ پسند ہے، اس کا انتخاب کرتے ہوئے اس کے شیڈز کی مکمل رینج کو اپنے کچن میں لے آئیے۔ رنگوں کو خود پر حاوی کرنے کے بجائے خود ان رنگوں میں رنگ جائیں گے۔ جیسے اگر آپ نیلے رنگ کا انتخاب کرتے ہیں تو فلور کے لیے اسکائی بلیو، اسٹول کے لیے ڈارک بلیو، کبڈز کے لیے گرے بلیو وغیرہ کا استعمال کرسکتے ہیں۔ صاف ستھرے رنگوں کا انتخاب کرکے آپ ثابت کرسکتے ہیں کہ مختلف رنگوں کا امتزاج بھی کلاسیکی ہوسکتا ہے۔

پیٹرن منتخب کرنا

آپ کچن فلور کے لیے د و رنگوں کے ٹائل یا ماربل کا انتخاب کرسکتے ہیں، اس کے لیے اکثر آپ نے دیکھا ہوگا کہ سفید اور کالے رنگ کے ٹائلوں کا انتخاب کچن میں کمال خوبصورتی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ، کاؤنٹر ٹاپ اور پچھلی دیوار کے لیے بھی بولڈ پیٹرن والی ٹائلوں یا وال آرٹ کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔

تاریخی عکس

کیا آپ نے کبھی اس بات کو محسوس کیا ہے کہ اگر کہیں تاریخی اور قدیم زمانے کی اشیا رکھی نظر آئیں تو ان کی کشش آپ کو اپنی طرف متوجہ ہونے پر مجبور کردیتی ہے۔ قدیم اشیا میں اپنا رنگ ہوتا ہے۔ اگر آپ اپنے کچن میں قدیم رنگ لانا چاہتے ہیں تو بہت ساری قدیم چیزیں اپنے کچن میں لے آئیے، آپ دیکھیں گے کہ آپ کا کچن انتہائی دلچسپ اور رنگین بن جائے گا۔ اور اگر کبھی آپ کے کچن میں کوئی پُرانے زمانے کی چیزوں کو چاہنے والا آگیا تو آپ کو باتیں کرنے کے لیے ایک دلچسپ موضوع مل جائے گا اور ماضی کی یاد تازہ ہوجائے گی۔ قدیم چیزیں رکھنے کے لیے کچن میں ’اوپن شیلف‘ نصب کریں تاکہ آپ اپنی قدیم اشیا کو بہتر طور پر ڈسپلے کرسکیں۔

کچھ کم لاگت تبدیلیاں

یقیناً، آج کے دور میں ہر شخص کی جیب اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ وہ اپنے کچن کا مکمل طور پر میک اوور کراسکے یا پھر اگر آپ کرائے کے اپارٹمنٹ یا مکان میں رہتے ہیں تو سوچیں گے کہ آپ کسی اور کی جائیداد پر سرمایہ کیوں لگائیں۔ اور یہ بھی ممکن ہے کہ آپ رنگوں کے ساتھ تجربات کرنا چاہتے ہیں لیکن آپ بولڈ رنگوں کے بارے میں اتنے پراعتماد نہیں ہیں۔ 

تذبذب کی اس صورتحال اور محدود بجٹ کے مسائل سے بچنے کے لیے آپ کم قیمت اَپ گریڈز پر غور کرسکتے ہیں۔ مثلاً کبڈز کو تبدیل کرنے کے بجائے صرف ان کے ہینڈل تبدیل کریں اور آپ کو یقین نہیں آئے گا کہ اس کے نتائج کس قدر شاندار ہوسکتے ہیں۔

تعمیرات سے مزید