پاکستانی معروف اداکارہ، ماڈل اور پروڈیوسر شیری شاہ اپنی زندگی میں آنے والی سختیوں سے متعلق بات کرتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر رو پڑیں۔
37 سالہ اداکارہ شیری شاہ نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے شو میں شرکت کی۔
اس دوران انہوں نےشوبز میں آنے سے قبل اپنی زندگی میں آنے والی سختیوں سے لے کر والد کے انتقال اور والدہ کے اکیلے رہ جانے سے متعلق بات کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ شوبز میں آنے سے قبل، بچپن میں والدہ کو ہمیشہ کچن میں اور کپڑے، پردے اور غلاف سلائی کرتے ہوئے ہی دیکھا، اُن کے والد کا ٹینکرز کا کام تھا مگر اُن کے ٹینکرز چوری ہو گئے اور ہمارے گھر پر قبضہ ہو گیا تھا۔
اس دوران ہم نے گھر میں برے حالات دیکھے مگر والدہ نے ہمیشہ ہمیں اچھا سے اچھا رکھنے کے لیے بہت محنت کی، ہمارے کبھی کھانے پینے میں کمی نہیں آنے دی۔
اُن کا بتانا تھا کہ پھر جب میں 20 سال کے قریب ہوئی تو میں نے بھی جاب شروع کر دی اور شوبز میں قدم رکھا، اس دوران بہت برا وقت بھی دیکھا۔
انہوں نے بتایا کہ مالی حالات کے سبب وہ شوبز میں آئی تھیں، والد کا انتقال ہو گیا تھا، والد کے انتقال کے چوتھے روز وہ واپس شوٹنگ پر آ گئی تھیں۔
والد سے متعلق بات کرتے ہوئے شیری شاہ کا بتانا تھا کہ اُنہیں بیماری نے بہت کمزور کر دیا تھا، اُنہیں معدے کی بیماری تھی، والد نے عمرہ ادا کیا اور ایک ماہ بعد وہ انتقال کر گئے۔
والد کی یادیں تازہ کرتے ہوئے شیری شاہ نے بتایا کہ اُن کے والد نے اُنہیں گاڑی چلانا سکھائی تھی، اُنہیں اپنے والد کی یہ بات اور شاعری بہت یاد آتی ہے۔
اس دوران شیری شاہ پھوٹ پھوٹ کر رو پڑیں۔
شیری شاہ کا یہ انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس پر معروف اداکارہ یمنیٰ زیدی نے تبصرہ کرتے ہوئے والدین کو اللّٰہ کا سب سے بڑا تحفہ قرار دیا ہے۔