امریکی ریاست کیلیفورنیا کے دارالحکومت سیکرامنٹو میں پاکستانی امریکی برادری نے اتوار کو دوسرا پاکستان ثقافتی تہوار منایا۔
اس میں دارالحکومت سیکرامنٹو اور اس کے بڑے شہروں روزویل، فالسم، گرینیٹ بے، راکلن، الیک گروو اور ناٹومس میں پاکستان کے ہر علاقے، پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے حصہ لیا۔
اس اہم پاکستانی تہوار میں روزویل کے میئر بروس ہاؤڈشیلڈ اور نائب میئر کرسٹا برناس کونی نے ناصرف شرکت کی بلکہ خطاب بھی کیا اور اس قسم کے تہواروں کے انعقاد کو سراہا۔
پروگرام کی خاص بات ایک مشہور پاکستانی نژاد فنکار ریپر زکی بھائی نے اپنی فی البدیع انگریزی شاعری میں پاکستان کے ثقافتی ورثے کا تعارف کرایا جسے شرکاء نے بہت پسند کیا۔
اس تہوار کا انعقاد روزویل کے ڈاؤن ٹاؤن کے ایک میدان میں کیا گیا تھا۔
نظامت کے فرائض انجام دینے والے آصف حق نے کہا کہ اس کا مقصد پاکستان کے سارے علاقوں، قومیتوں، زبانوں اور ثقافتوں کے ورثے کو مقامی آبادی اور یہاں رہنے والے دوسرے ممالک کے عوام میں متعارف کروانا ہے۔
اس پاکستانی ثقافتی تہوار کو گزشتہ سال شروع کیا گیا تھا۔ اس موقع پر پاکستانی مرد، خواتین، بچے رنگارنگ روایتی پاکستانی لباس پہنے ہوئے تھے۔ اس میں ہر رنگ اور نسل اور علاقوں اور ملکوں کی نمائندگی تھی۔
بھارت اور اسلامی ملکوں کے مسلمانوں کے علاوہ بعض ہندو اور سکھ خاندانوں نے بھی شرکت کی اور اس میلے کے انعقاد کو سراہا۔
انہوں نے اس ضرورت پر زور دیا کہ ایسے میلے دوسرے ملکوں کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے بہتر مواقع فراہم کرتے ہیں۔
اس میلے میں پاکستانی کھانوں بریانی، بہاری کباب، قیمہ پراٹھا اور حلوہ، کباب رول، کشمیری چائے، فالودہ، قلفی اور لیمونیڈ مشروبات اور کھانے پینے کی دیگر اشیاءکے ساتھ ساتھ ہاتھوں سے بنی علاقائی مصنوعات اور رنگ برنگے مردانہ اور زنانہ ملبوسات، شالیں، پاکستانی کھیلوں کرکٹ، فٹبال کے سامان کے اسٹال لگائے گئے تھے جنہیں بہت پسند کیاگیا۔
پاکستانی علاقائی اور صوفی موسیقی، رقص اور تفریح کے دوسرے پروگرام بھی پیش کیے گئے۔
جن فنکاروں نے اپنے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ان میں موسیقی کے گرو شاہد چشتی اور ان کی صاحبزادیاں، رفعت سلطانہ اور ان کے بھائی سخاوت علی خان شامل ہیں۔