بپرجوائے نامی بڑا سمندری طوفان پاکستان اور بھارت کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے، اس کے متعلق اہم تفصیلات اور دونوں ممالک کی طرف سے کیے گئے حفاظتی اقدامات درج ذیل ہیں۔
طوفان کہاں ٹکرائے گا؟
شدید سمندری طوفان بپرجوائے بحیرہ عرب کے شمال مشرق میں تیار ہو رہا ہے جو بھارتی ریاست گجرات میں جمعرات کی شام ٹکرائے گا۔
ہوا کی رفتار:
سمندری طوفان میں ہوا کی رفتار 125 سے 135 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کا امکان ہے جو 150 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
جانی نقصانات:
بھارت میں طوفان کی وجہ سے موسمی صورتحال خراب ہونے کے بعد مختلف حادثات میں 7 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، سمندر بپھرا ہوا ہے جبکہ گھروں کی دیواریں منہدم ہوگئیں۔
انخلا:
پاکستان میں آج صبح تک ایک لاکھ افراد کو طوفان کا ممکنہ ہدف بننے والے علاقوں سے انخلا کروایا جاچکا ہے۔
بھارت میں گجرات کے ساحلی علاقوں سے 45 ہزار افراد کو نکالا گیا ہے۔
حادثات سے بچاؤ کے اقدامات:
پاکستان: کشتیوں اور جہازوں کو ساحلی علاقوں میں لنگرانداز کر دیا گیا ہے، ماہی گیری پر پابندی ہے جبکہ اسپتال ہائی الرٹ ہیں۔
بھارت: بھارت میں ماہی گیری معطل کر دی گئی ہے، ریاست میں اسکولوں کو بند کر دیا گیا ہے، تیل کے بیشتر سمندری کنوؤں اور بندرگاہوں پر کام معطل ہے۔
67 ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں، قومی سطح پر تباہی سے نمٹنے کیلئے 30 ٹیمیں تعینات کی جاچکی ہیں۔