عالمی ایوی ایشن کا بڑا ایونٹ دبئی ایئر شو کل سے شروع ہو رہا ہے، جہاں دنیا کی جدید ترین جنگی اور کمرشل ہوائی مشینری نمائش میں پیش کی جائے گی، ایوی ایشن ماہرین کے مطابق اس سال ایئر شو میں پاکستان ایئر فورس اور اس کے پائلٹس مرکزِ توجہ ہوں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان ایئر فورس کی حالیہ فضائی مہارت، آپریشنل کارکردگی اور معرکۂ بنیان مرصوص میں غیر معمولی پرفارمنس نے عالمی فضائی پاورز کی دلچسپی میں اضافہ کیا ہے، ان کے مطابق پاکستانی پائلٹس کی تکنیکی مہارت اور پروفیشنل ازم اب عالمی ایئر پاورز کے لیے تحقیق اور تجزیے کا اہم حوالہ بن چکا ہے۔
ایئر شو میں رنگا رنگ فضائی کرتب، خصوصی ایئر بیٹس اور مختلف جنگی جہازوں کے مظاہرے ہوں گے، توقع ہے کہ پاکستان ایئرفورس کے فضائی مظاہرے اس بار نئی تاریخ رقم کریں گے اور پاکستان کی فضائی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر مزید نمایاں کریں گے۔
منتظمین کے مطابق ایئر شو میں چین کا جدید ایئر ڈیفنس سسٹم بھی شامل ہو گا جو مغرب اور امریکا کے لیے تیزی سے ابھرتا ہوا چیلنج سمجھا جا رہا ہے، اس کے علاوہ روسی ایئر ٹیکنالوجی سمیت کئی ممالک کے جنگی اور کمرشل طیارے بھی نمائش کا حصہ ہوں گے۔
پاکستان کی جانب سے پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس (PAC) اپنی جدید ایوی ایشن ٹیکنالوجی اور ایم آر او صلاحیتیں پیش کرے گا، جبکہ پاکستان ایرو اسپیس کونسل بھی ملکی ایوی ایشن سیکٹر کی نمائندگی کر رہی ہے۔
ایوی ایشن صنعت میں بڑے فیصلوں کا امکان ہے اور اندازہ ہے کہ تقریباً 300 نئے کمرشل طیاروں کے آرڈرز دیے جائیں گے، جس سے عالمی ایوی ایشن مارکیٹ میں ہل چل پیدا ہو گی۔