اب سال 2025 بس چند ہفتوں کا مہمان ہے اور 2026 کی آمد آمد ہے تاہم نئے سال کے آغاز سے قبل ہی اس سے متعلق پیش گوئیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
انٹرنیٹ پر بلغاریہ سے تعلق رکھنے والی معروف نابینا خاتون نجومی بابا وانگا کی مستقبل کے حوالے سے بتائی گئی حیران کن باتیں پھر عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
1911 میں پیدا ہونے والی بابا وانگا کا شمار ان افراد میں ہوتا ہے جنہوں نے دنیا بھر کے تاریخی اور افسوسناک واقعات سے متعلق کئی برس قبل ہی سچ پیشگوئیاں کی تھیں۔
انہوں نے 1996 میں انتقال سے قبل کئی اہم پیش گوئیاں کی تھیِ، جن میں سے ایک 9/11 کی مبینہ پیشگوئی بھی شامل تھی۔ اب بابا وانگا نے 2026 کو عالمی معیشت کے لیے انتہائی مشکل قرار دیا ہے۔ اس کے علاوہ بابا وانگا کی 2026 سے متعلق دیگر اہم پیش گوئیاں درج ذیل ہیں۔
2026 کے لیے کی گئی بابا وانگا کی پیشگوئی میں دنیا بھر میں مہلک قدرتی آفات شامل ہیں۔ بابا وانگا کے مطابق اس سال بڑے پیمانے پر زلزلے، آتش فشاں پھٹنے اور موسم کی شدت زمینی رقبے کے 7 سے 8 فیصد حصے کو تباہ کردے گی۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ یورپ میں ریکارڈ گرمی کی لہر، آسٹریلیا اور کینیڈا میں تباہ کن جنگلات کی آگ اور میانمار جیسی جگہوں پر آنے والے زلزلوں کے باعث بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کو دیکھتے ہوئے، قدرتی آفات کی اس مخصوص پیشگوئی نے بہت زیادہ توجہ حاصل کی ہے۔
بابا وانگا کی سب سے خوفناک پیش گوئیوں میں سے ایک 2026 میں ممکنہ تیسری عالمی جنگ کی پیش گوئی ہے۔
بابا وانگا کے مطابق 2025 سے انسانیت کا زوال شروع ہوجائے گا، انہوں نے 2026 میں عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کی نشاندہی کی ہے۔ ان کے مطابق ممکنہ طور پر چین، روس اور امریکا میں تنازعات پیدا ہوسکتے ہیں۔
مخصوص رپورٹس کے مطابق چین کی جانب سے تائیوان پر قبضے کی کوشش اور روس و امریکہ کے درمیان براہ راست تصادم کا امکان ہے۔
وانگا کے مطابق مصنوعی ذہانت 2026 میں دنیا کے بڑے اور اہم شعبوں پر غلبہ حاصل کرلے گی جس سے ناصرف ملازمت میں خلل پڑے گا بلکہ سنگین مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ 2026 میں مصنوعی ذہانت میں ایک نمایاں تبدیلی آئے گی، جو انسانی قابو سے باہر ہو سکتی ہے اور روزمرہ زندگی پر غیر معمولی اثر ڈال سکتی ہے۔ ماہرین کی رائے میں اس پیش گوئی کے مطابق مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ استعمال اور اخلاقیات پر خاص توجہ دینا ضروری ہے۔
بابا وانگا نے 2026 سے متعلق ایک پیشگوئی یہ بھی کی ہے کہ انسانوں کا دوسری مخلوق یا تہذیبوں کے ساتھ پہلی بار رابطہ ہوسکتا ہے۔
کچھ رپورٹس کے مطابق 2026 میں ایک بڑا خلائی جہاز زمین کے قریب آسکتا ہے، ایک وسیع خلائی جہاز زمین کی جانب بڑھ رہا ہے اور اسے Interstellar سے جوڑا جارہا ہے۔
بابا وانگا کی پیش گوئیاں ان کے انتقال کے کئی سال بعد آج بھی دنیا بھر میں غیر یقینی صورتحال کے دوران زیر بحث رہتی ہیں۔