ڈاکٹر شمائلہ رضوان، جنرل فزیشن
وٹامن ڈی ہماری صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے اور ہمارے جسم میں اہم اثرات رکھتا ہے۔ یہ ہڈیوں کی صحت اور قوت مدافعت کے لیے بہت اہم ہوتا ہے۔اس سے ممکنہ طور پر کینسر سے تحفظ ملتا ہے۔ سورج کی روشنی اس کے حصول کا سب سے اہم اور آسان ذریعہ ہے لیکن آپ مختلف سپلیمنٹس کی مدد سے بھی اس کی کمی پوری کرسکتے ہیں۔
نارمل ڈائٹ کے ذریعے وٹامن ڈی کی مقدار کو پورا کرنا مشکل ہے، اس کے لیے ایسی غذا ئیں لیں ،جس میں وٹامن ڈی بھر پور مقدار میں ہوتا ہے۔ جسم میں وٹامن ڈی کی کمی کے بارے میں جاننا آسان نہیں ہوتا، کیوں کہ اس کی علامات اکثر کئی ماہ یا برسوں تک ظاہر نہیں ہوتیں، بلکہ کئی بار تو علامات ظاہر ہی نہیں ہوتیں۔ مگر کچھ نشانیوں اور علامات سے جسم میں وٹامن ڈی کی کمی کا عندیہ ملتا ہے۔اس کی کمی سے آپ متعدد بیماریوں کا شکار بھی ہو سکتے ہیں ۔جن میں سے چند کا ذکر ذیل میں کیا جارہا ہے۔
ہڈیوں کی کمزوری
وٹامن ڈی ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے بہت ضروری ہے اور اس کی کمی سے آپ کی ہڈیاں کمزور ہوسکتی ہیں۔ ہڈیوں کو مضبوط بنانے کے لیے اس کا حصول ضروری ہے۔وٹامن ڈی کیلشیئم کے جذب ہونے اور ہڈیوں کے میٹابولزم میں بھی اہم ترین کردار ادا کرتا ہے۔ہڈیوں کے حجم میں کمی آنا اس بات کا عندیہ ہے کہ ہڈیوں کو کیلشیئم اور دیگر منرلز کی کمی کا سامنا ہے، جس سے فریکچر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
دمہ
وٹامن ڈی کے سپلیمنٹس کے روزانہ ایک خاص مقدار میں استعمال سے دمہ کا خطرہ کم سے کم ہوجاتا ہے۔
ڈپریشن
وٹامن ڈی کی کمی ڈپریشن اور بے چینی کا سبب بھی بنتی ہے۔
دل کی بیماریاں
حالیہ مطالعے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وٹامن ڈی کی کمی شریان اور دل کی بیماریوں کا سبب بھی بنتی ہے۔
ذیابیطس
ایک تحقیق کے مطابق 20 سال سے کم عمرکے جن لوگوں میں وٹامن ڈی کی کمی ہوتی ہے، ان میں ٹائپ ٹو ذیابیطس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
کینسر
کینسر کی مختلف بیماریوں کا تعلق بھی وٹامن ڈی کی کمی سے ہے جن میں بریسٹ کینسر، پروسٹیٹ کینسر اور کولون کینسر شامل ہیں۔
اکثر بیمار رہنا
وٹامن ڈی مدافعتی صحت کے لیے اہم ہوتا ہے، جس سے بیمار کرنے والے بیکٹیریا اور وائرسز سے مقابلہ کرنے میں مدد ملتی ہے۔وٹامن ڈی براہ راست ان خلیات سے رابطے میں رہتا ہے جو بیماریوں سے لڑنے کا کام کرتے ہیں۔ اگر آپ اکثر بیمار ہوجاتے ہیں خاص طور پر نزلہ زکام یا فلو کا سامنا ہوتا ہے تو یہ جسم میں وٹامن ڈی کی کمی کی نشانی ہوسکتی ہے۔
تھکاوٹ
تھکاوٹ کا احساس متعدد وجوہات کے باعث ہوسکتا ہے جن میں سے ایک وٹامن ڈی کی کمی بھی ہے،مگر لوگ اکثر اس بات کو نظر انداز کردیتے ہیں کہ وٹامن ڈی کی کمی بھی ہر وقت تھکاوٹ کا باعث بن سکتی ہے۔ اس کی کمی نیند کے معیار کو متاثر کرتی ہے، نیند کا کم دورانیہ تھکاوٹ کا احساس بڑھاتا ہے۔
ہڈیوں اور کمر میں درد
ہڈیوں اور کمر کے نچلے حصے میں درد بھی جسم میں وٹامن ڈی کی کمی کی نشانی ہوتی ہے۔ وٹامن ڈی جسم میں کیلشیئم کے جذب ہونے کا عمل بہتر بناکر ہڈیوں کی صحت کو مستحکم رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ وٹامن ڈی کی کمی کے نتیجے میں کمردرد کی شدت زیادہ بڑھ جاتی ہے۔
مسلز میں درد
مسلز میں تکلیف کی وجوہات کا تعین کرنا اکثر مشکل ہوتا ہے۔ وٹامن ڈی کی کمی بھی اس کی ایک وجہ ہوتی ہے۔
انزائٹی
وٹامن ڈی کی کمی کو انزائٹی امراض سے بھی منسلک کیا جاتا ہے۔اس کے شکار افراد میں وٹامن ڈی کی ایک قسم calcidiol کی کمی ہوتی ہے۔ وٹامن ڈی کی مناسب مقدار سے انزائٹی کی علامات کی شدت میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔