9 مئی کے واقعات اور مقدمات کی تفتیش کے سلسلے میں شاہ محمود قریشی اور اسد عمر جے آئی ٹی کے سربراہ کے سامنےپیش ہو گئے۔
اسد عمر اور شاہ محمود قریشی نے ڈی آئی جی انویسٹیگیشن کو بیان ریکارڈ کروا دیا۔
پولیس کے مطابق 9 مئی سے متعلق شاہ محمود قریشی اور اسد عمر سے سوالات کیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے سامنے 9 مئی کے واقعات کے ڈیجیٹل اور فرانزک شواہد رکھے گئے۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے سوالات کے جوابات ریکارڈ کروائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے اس حوالے سے بتایا کہ سربراہ جے آئی ٹی نے کچھ سوالات کیے اور پوچھا کہ آپ کا کردار کیا رہا؟ میں نے جواب دیا کہ ہمارا نہ کوئی کردار تھا نہ ہی ہم ملوث ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تفتیش کے سوالات اور نکات کو میڈیا پر لانا مناسب نہیں۔
اس موقع پر اسد عمر نے بتایا کہ پولیس نے 9 مئی سے متعلق پوچھا، جتنی ہمارے پاس معلومات تھیں ہم نے بتا دیں۔
واضح رہے کہ آج لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کو پیش آئے واقعات کے کیس میں اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کو شاملِ تفتیش ہونے کا حکم دیا تھا۔