بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار دھرمیندر کا 42 سال قبل کیے گئے اقدام پر سوشل میڈیا صارفین نے تنقید شروع کردی۔
خبروں سے متعلق سماجی ویب سائٹ نے دھرمیندر اور ہیمامالنی کی زندگی سے جڑی ایک یاد سے متعلق ایک ویڈیو شیئر کی اور اس دوران اداکار کی طرف سے کیے گئے اقدام کو قابل نفرت قرار دیا۔
ویڈیو جو تقریبا 21 سال پرانی اور ایک پروگرام کے دوران کی ہے، جب ہیمامالنی کی دوست، اُن کی زندگی سے جڑا ایک واقعہ بیان کرتی ہے۔
واقعے میں اداکارہ کی دوست بتاتی ہیں کہ ایشا دیول کی پیدائش سے قبل دھرمیندر نے 100 کمروں پر مشتمل پورا اسپتال کرائے پر بک کروالیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2 نومبر 1981 کی بات ہے، اس دن ایشا دیول کا جنم ہوا، جو ہیمامالنی اور دھرمیندر کی پہلی اولاد ہے۔
اداکارہ کی دوست نے یہ بھی کہا کہ دھرمیندر نے ہیمامالنی کی ڈلیوری کو خفیہ رکھنے کےلیے ڈاکٹر دستور پورا نرسنگ اسپتال جو 100 کمروں پر مشتمل تھا، کرائے پر بک کروالیا۔
دوران پروگرام یہ واقعہ سننے پر ہیمامالنی اور ایشا دیول کے چہرے سے فخر کے تاثرات عیاں تھے، ایک موقع پر اداکارہ نے اپنی دوست کی بات کی تصدیق کی اور بتایا کہ ہمارے سگے رشتے داروں سے ہٹ کر مجھ سے اس دوران ملنے والی یہ پہلی خاتون تھیں۔
دھرمیندر کی 1954ء میں پراکاش کور سے شادی ہوئی تھی، پھر اُن کی ہیمامالنی سے 1970 میں فلم ’تم حسین میں جوان ‘ کے سیٹ پر ملاقات ہوئی، جو کچھ عرصے بعد محبت میں بدل گئی۔
1980 میں دھرمیندر نے ہیمامالنی سے دونوں خاندانوں کی رضامندی کے بغیر شادی کرلی اور پھر 1981 میں ایشادیول نے جنم لیا۔
ہیمامالنی سے شادی سے پہلے دھرمیندر کے پہلی بیوی سے سنی دیول، بوبی دیول سمیت 4 بچے تھے اور پھر اُن کی اداکار سے دو بیٹیاں ایشا اور ایہا دیول پیدا ہوئیں۔
دھرمیندر حال میں سنی دیول کے صاحبزادے اور اپنے پوتے کی شادی کے موقع پر فیملی تصاویر میں نظر آئے۔