کابل (این این آئی)افغانستان میں چینی کمپنی کے ساتھ معاہدے کی بنیاد پر پہلے کنویں سے تیل نکالنے کا آغاز ہوگیا ہے، افغان حکومت اور چینی کمپنی سی پی ای آئی سی کے درمیان معاہدے کے تحت ملک کے تین صوبوں سرپل ، جوزجان، اور فاریاب میں 4500مربع کلومیٹر کے رقبے سے تیل اور گیس نکالا جائیگا۔ چینی ماہرین کی موجودگی میں افغانستان کے وزیر معدنیات و پٹرولیم شیخ شہاب الدین دلاور نے صوبہ سرپل کے مقامی حکام کی موجودگی میں قشقری تیل کے پہلے کنویں سے تیل نکالنے کا افتتاح کیا۔وزیر معدنیات و پٹرولیم نے تیل کے کنویں کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ سرپل آئل منصوبہ ملک کے اہم اقتصادی وسائل میں سے ایک ہے، اس منصوبے کا تیل ملک کی آبادی کے لئے استعمال کیا جائیگا اس منصوبے میں ٹیکنیکل اور نان ٹیکنیکل ملازمین کی بھرتی میں افغان شہریوں کو روز گار ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی آمدنی سے صوبہ سرپل کی تعمیر نو کو ترجیح دی جائے گی۔ طالبان حکومت نے اس سال جنوری میں چینی کمپنی سی پی ای آئی سی کے ساتھ تیل نکالنے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔