مون سون کے موسم میں نمی اور بارشوں کی وجہ سے کیڑے مکوڑے اور مکھیاں بڑھ جاتی ہیں، جن کی گھر میں موجودگی ناقابل برداشت ہوتی ہے۔
ان کی گھر میں موجودگی مضر صحت بھی ثابت ہوسکتی ہے اور ایک بار گھر میں آجائیں تو انہیں نکالنا بہت مشکل ہوتا ہے۔
اپنے گھر سے کیڑوں مکوڑوں اور مکھیوں کو دور رکھنے کے لئے آپ چند تدابیر اختیار کر سکتے ہیں جو انہیں گھر سے دور رکھ سکتے ہیں۔
تمام تر مصروفیت کے باجود اپنے گھر کی صفائی کا خاص خیال رکھیں بالخصوص اس موسم میں تمام سطحوں کو باقاعدگی سے صاف کریں تاکہ کھانے کے گرے ہوئے اجزاء یا میٹھی اور چپکنے والی اشیاء کی باقیات بروقت صاف ہوسکیں جو کیڑے مکوڑوں اور مکھیوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہیں۔
کوشش کریں کہ رات کے وقت دن بھر کا کچرا کوڑا گھر سے باہر رکھ دیں اگر ایسا کرنا ممکن نہیں ہے تو رات کے وقت کوڑے دان کو کسی ڈھکن سے ڈھانپ کر رکھیں تاکہ مکھیاں اس کی جانب متوجہ نہ ہوں۔
بھری ہوئی اور گندی نالیاں کیڑے مکوڑوں اور مکھیوں کی افزائش کا باعث بنتی ہیں۔ اس لئے بازار میں ملنے والے صفائی کے ایجنٹ کے علاوہ کوشش کریں کہ گھر کے قدرتی اجزاء سے تیار کردہ صفائی کے ایجنٹس کا استعمال کریں اور نالیوں اور پائپس کی صفائی کریں۔
کھانا پکا ہوا ہو یا پھر خشک کھانے پینے کی اشیاء ہوں، تمام اشیاء خورد و نوش کو ہمیشہ ڈھانپ کر رکھیں۔
گھر کی کھڑکیوں اور دروازوں پر جالی لگائیں تاکہ گرمی کے اس موسم میں گھر میں مچھر اور مکھیوں کی پریشانی کے بغیر ہوا کا انتظام ہوسکے اور گھر میں مکھیوں کے داخلی راستے بند ہوسکیں۔
کیڑے مکوڑوں اور مکھیوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے اپنے باورچی خانے میں قدرتی کیڑے مکوڑوں اور مکھیوں کو بھگانے والی جڑی بوٹیوں کا استعمال کریں۔
آرائشی گملوں، گاڑی کے خراب ٹائر، پارکس یا چھتوں پر کسی بھی برتن وغیرہ میں پانی نہ کھڑا ہونے دیا جائے، اگر پانی جمع ہوجائے تو فوری طور پر اسے خشک کر دیا جائے۔
ہم اکثر کھانے پینے کی اشیا مائیکرو ویو میں گرم کرتے یا ٹوسٹر کا استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے اکثر کھانے کے ذرات ان آلات میں گر جاتے ہیں جن کی فوری صفائی ضروری ہے۔ انہیں باقاعدگی سے صاف کریں کیونکہ کھانے کی باقیات کیڑے مکوڑوں اور مکھیوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہیں۔
اگر احتیاطی تدابیر کے باوجود آپ کے گھر کے باورچی خانے میں مسلسل کیڑے مکوڑوں اور مکھیوں کا مسئلہ درپیش ہے تو ماہرین سے پیسٹ کنٹرول کروائیں۔