• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیکل ٹیچرز اور اسٹوڈنٹس کے مطالبات تسلیم کئے جائیں، غلام نبی مری

کوئٹہ(آن لائن)بلوچستان نیشنل پارٹی کے ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی و ضلعی صدرکوئٹہ غلام نبی مری، سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر علی احمد قمبرانی، انفارمیشن سیکریٹری نسیم جاوید ہزارہ، حاجی وحید لہڑی، شبیر احمد قمبرانی، حاجی تنویر لہڑی اور رضا جان شاہیزئی نے بلوچستان میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن اور بولان میڈیکل کالج کے طلبا الائنس کے احتجاجی ریلی اور دھرنے میں شرکت کی انہوں نے اس موقع پر کہا کہ صوبے کے سب سے بڑے میڈیکل کالج کے پروفیسروں، ڈاکٹروں اور طلبا کا سڑکوں پر نکلنا لمحہ فکریہ ہے۔ یہاں سب سے باشعور طبقات بھی اپنے بنیادی حقوق سے محروم کر دئیے جاتے ہیں۔جلسہ جلوس اور سڑکوں پر احتجاج کرنا سیاسی جماعتوں کا کام ہے یہ عالم فاضل پروفیسروں کا شیوہ نہیں۔ یہ انتظامیہ اور محکمہ صحت کی نااہلی اور غفلت کا ثبوت ہے کہ آج کالج کے پروفیسرز اور طلبا بھی مجبور ہو کر سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ انہوں نے سیکرٹری ہیلتھ سے مطالبہ کیا کہ وہ بلوچستان میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن اور طلبا الائنس سے فورا مذاکرات کرکے ان کے مسائل کو حل کرے اور طلبا کی کلاسز شروع کروائیں۔