مسلم لیگ ن کے رہنما، سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز استحکامِ پاکستان پارٹی کے بانی جہانگیر ترین سے ملاقات کرنے لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں واقع ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے جہانگیر ترین سے ان کے بھائی کےانتقال پر تعزیت کی۔
واضح رہے کہ 6 جولائی کو استحکامِ پاکستان پارٹی کے بانی جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین نے خودکشی کر لی تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق عالمگیر ترین نے پستول سے اپنے سر میں گولی مار لی تھی، خودکشی کے وقت عالمگیر ترین لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع اپنے گھر میں تھے۔
عالمگیر ترین نے خودکشی کرنے سے قبل ایک تحریر بھی چھوڑی تھی جس میں انہوں نے اپنی بیماری کا تذکرہ کیا تھا۔
جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین معروف بزنس مین اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کے مالک اور مینیجنگ ڈائریکٹر بھی تھے۔
63 سالہ عالمگیر ترین غیر شادی شدہ تھے، ان کی منگنی ہوئی تھی اور وہ رواں برس دسمبر میں شادی کرنے والے تھے۔